کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان کے 4 دہشت گرد ہلاک

کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ گارڈن کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پرمکان پر چھاپہ مارا، دہشت گردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کر دی گئی

پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں تلاش ورثا کے لیے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی ہیں ۔ فوٹو: فائل

بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ گارڈن نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان سوات کے 4 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر کے اسلحہ، دستی بم اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ گارڈن انسداد دہشت سیل کی ٹیم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی خفیہ اطلاع پر بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں واقع ایک مکان پر جیسے ہی چھاپہ مارا دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کر دی گئی تاہم سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ میں 4 مبینہ دہشت شدید زخمی ہوگئے جنھیں پولیس نے گرفتار کرلیا اور انھیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔


سی ٹی ڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 2 پستول، دستی بم، ایک کلاشنکوف اور بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے جبکہ مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ سے ہے جو کہ شہر میں پولیس و رینجرز پر حملوں، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور شہر میں کسی بڑی دہشت گردی کی کارروائی کے حوالے سے مذکورہ مکان میں جمع ہوئے تھے جبکہ پولیس کو یہ بھی اطلاع ملی تھی کہ دہشت گردوں میں ٹی ٹی ایس کا کمانڈر بھی موجود ہے جبکہ مقابلے کے دوران 2 دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سی ٹی ڈی پولیس کو مارے جانے والے دہشت گردوں کے گروپ کا تو پتہ چل گیا تاہم ان کے نام معلوم نہیں ہو سکے، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں تلاش ورثا کے لیے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی ہیں۔
Load Next Story