امریکی باکسر مےویدر نے تاریخ کا مہنگا ترین مقابلہ جیت لیا

مے ویدر نے فلپائنی باکسر مینی پاکیو کو 112 کے مقابلے میں 116 پوائنٹس سے شکست دی۔


ویب ڈیسک May 03, 2015
مے ویدر اب تک 48 مقابلوں میں ناقابل شکست رہے ہیں۔ فوٹو: رائٹرز۔

MIRPUR: امریکی باکسر فلائڈ مے ویدر فلپائن کے مینی پاکیو کو شکست دے کر ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن بن گئے ہیں۔

امریکا کےشہر لاس ویگاس کے گرینڈ گارڈن ارینا میں ہونے والے مقابلے میں فلائڈ مے ویدر نے مینی پاکیو کو شکست دے کر تاریخ کی سب سے مہنگی فائٹ اپنے نام کی۔ فلائڈ مے ویدر اور مینی پاکیو کے درمیان ہونے والے مقابلے کو فائٹ آف دی سنچری بھی قرار دیا گیا تھا جس کی انعامی مالیت 40 کروڑ رکھی گئی تھی۔ 12 راؤنڈز پر مشتمل مقابلے کی جیوری کے تین میں سے 2 ججز نے مے ویدر کو 116 اور مینی پاکیو کو 112 پوائنٹس دیئے جب کہ تیسرے جج نے مے ویدر کو 110 اور مینی پاکیو کو 118 پوائنٹس دیئے، جیوری نے متفقہ طور پر مے ویدر کو فاتح قرار دیا۔

فائٹ جیتنے کے بعد فلائڈ مے ویدر کا کہنا تھا کہ مینی پاکیو ایک سخت حریف تھا اور اسے ہرا کر بہت خوش ہوں، مینی پاکیو میری فائٹنگ تیکنیک کو سمجھ ہی نہیں سکا۔ دوسری جانب مینی پاکیو کا کہنا تھا کہ آج کا مقابلہ میں جیتا ہوں، مے ویدر کے جیتنے کا یقین نہیں آرہا۔ مینی پاکیو کے بیان کے بعد فائٹ آف دی سنچری متنازع ہو گئی ہے۔

باکسنگ کی تاریخ کی سب سے اہم ترین فائٹ کو ارینا گارڈن میں 16 ہزار 800 افراد نے جب کہ کروڑوں افراد نے ٹیلی ویژن پر براہ راست دیکھا۔ فلپائن میں مینی پاکیو کی فائٹ دیکھنے کے لئے متعدد مقامات پر بڑی اسکرینیں آویزاں کی گئی تھیں جب کہ امریکا میں بھی یہ مقابلہ دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔

واضح رہے کہ فلائد مے ویدر نے اپنے باکسنگ کیرئیر میں اب تک 48 مقابلے لڑے اور تمام میں کامیابی حاصل کی جب کہ انہوں نے 26 مقابلوں میں حریف باکسر کو ناک آؤٹ بھی کیا۔ مینی پاکیو نے 65 مقابلوں میں سے 57 میں کامیابی حاصل کی جب کہ 6 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور 2 مقابلے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں