قطر میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں اعزاز چوہدری

خطے کے استحکام کے لئے افغانستان میں امن بہت ضروری ہے، سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری

نیپالی بھائیوں کے دکھ درد کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اس لئے پاکستان نے سب سے پہلے نیپال کے لیے ریلیف آپریشن شروع کیا، اعزاز چوہدری فوٹو: فائل

KARACHI:
سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ قطر میں افغان حکومت اورطالبان کے درمیان امن مذاکرات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ قطر میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کی مکمل حمایت کرتے ہیں کیوں کہ خطے کے استحکام کے لئے افغانستان میں امن بہت ضروری ہے۔


دوسری جانب سیکریٹری خارجہ نے نیپال کے زلزلے کے حوالے سے بتایا کہ 25 اپریل کو تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستان نے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امداد روانہ کی، ریلیف آپریشن میں این ڈی ایم اے اور مسلح افواج نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جسے نیپال کے آرمی چیف نے بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ خوراک کے 30 جہاز روانہ کئے گئے جب کہ 4 سی 130 طیارے امدادی سامان لے کر نیپال پہنچے، زلزلے کے بعد وزیر اعظم کی ہدایت پر 50 ڈاکٹروں کی ٹیم اور 30 بیڈز کا اسپتال فوری طور پر نیپال روانہ کیا گیا، ریلیف آپریشن کے لئے انجینئرز کی ٹیمیں بھی وہاں پہنچ چکی ہیں جب کہ مزید 20 ہزار خیمے بھی بھیجے جارہے ہیں۔

اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ نیپالی بھائیوں کے دکھ درد کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اس لئے پاکستان نے سب سے پہلے نیپال کے لیے ریلیف آپریشن شروع کیا، تباہ کن زلزلے سے نیپال کے 35 اضلاع شدید متاثر ہوئے جب کہ اب بھی وہاں 35 لاکھ افراد کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپال کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں، ریلیف فنڈ کے لیے پاکستان اور بیرون ممالک سے شہریوں کو امداد کی اپیل کی گئی ہے جب کہ وہاں سے اب تک 93 پاکستانیوں واپس وطن لایا جاچکا ہے۔

https://www.dailymotion.com/video/x2oyddg_nepal-earthquik_news
Load Next Story