الطاف حسین پرتنقید کرنے والے فوج کے خلاف توہین آمیزالفاظ استعمال کرچکے ہیں رابطہ کمیٹی

’’را‘‘ سندھ اوربلوچستان سمیت دیگر حصوں میں مداخلت کرکے انتشارپھیلا کرملک کوغیرمستحکم کرنے کی سازش کررہی ہے،رابطہ کمیٹی


ویب ڈیسک May 03, 2015
مخالفتوں کے باوجودالطاف حسین کی قیادت میں ملک کوروشن خیال اورترقی پسند ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے،رابطہ کمیٹی۔ فوٹو:فائل

DERA GHAZI KHAN: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ غیرملکی قوتیں بالخصوص بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' صوبہ بلوچستان،سندھ ،فاٹا اور ملک کے دیگر حصوں میں مداخلت کرکے انتشار پھیلا کر ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کے ارکان کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان میں امن وامان کی کشیدہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اورپاکستان کوغیرمستحکم کرنے کے لئے ملک کے مختلف حصوں میں غیرملکی مداخلت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں الطاف حسین کی حالیہ تقریرپربعض سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے بیہودہ بیانات اور اسمبلیوں میں مذمتی قراردادوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ آج جو سیاسی مخالفین الطاف حسین کی تقریر پر بے جا تنقید کررہے ہیں ان میں سے بیشترنے مختلف مواقعوں پرفوج کے بارے میں توہین آمیزالفاظ استعمال کئے جس سے انکار نہیں کیاجاسکتا۔

اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم تمام تر رکاوٹوں اور مخالفتوں کے باوجود قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں قائداعظم محمد علی جناح ؒ اور علامہ اقبال کی تعلیمات کے مطابق پاکستان کو روشن خیال، لبرل، جمہوری اور ترقی پسند ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی اور ایک دن ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ ہوگا اور پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان کے استحکام ، دہشت گردی کے خاتمے اورآپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لئے دعا کی گئی اوراس عزم کو دہرایا گیا کہ پاکستان کی سربلندی اور تحریکی مشن و مقصد کے حصول کے لئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔