17 برس بعد ایشین ٹائٹل کی واپسی خوش آئند ہے عالمگیر شیخ

سینئرز کی موجودگی میں نوجوان کیوئسٹ حمزہ اکبر نے ٹائٹل حاصل کرکے ثابت کیا کہ ان کا مستقبل تابناک ہے،عالمگیر شیخ


Sports Reporter May 04, 2015
سینئرز کی موجودگی میں نوجوان کیوئسٹ حمزہ اکبر نے ٹائٹل حاصل کرکے ثابت کیا کہ ان کا مستقبل تابناک ہے،عالمگیر شیخ ۔ فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے کہا ہے کہ 17سال بعد ایشین اسنوکر کا ٹائٹل کا پاکستان واپس آنا خوش آئند ہے۔

سینئرز کی موجودگی میں نوجوان کیوئسٹ حمزہ اکبر نے ٹائٹل حاصل کرکے ثابت کیا کہ ان کا مستقبل تابناک ہے، وہ پہلے پاکستانی ہیں جوپی بی ایس اے کے پلیٹ فارم سے پروفیشنل اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے، انکی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے17ہزار برطانوی پاؤنڈز درکار ہیں تاہم اس وقت پی بی ایس نے7ہزار پاؤنڈزاکھٹے کرلیے ہیں دس ہزار پاؤنڈز کی ضرورت ہے۔وہ کراچی میں قومی کیوئسٹ کے اعزا ز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر پی بی ایس اے کے چیئرمین اصغر ولیکا، نائب صدر جاوید کریم، ایوب باوانی، منور شیخ، شعیب عالم، انجم نثار اور ہاکی اولمپئن اصلاح الدین صدیقی بھی موجود تھے۔

عالمگیر شیخ نے کہا کہ مخیر حضرات اور اسپانسرز کے تعاون کی بدولت آج اسنوکر کا کھیل ملک بھر میں ترقی کررہا ہے، پاکستان کے اسنوکر کھلاڑی مسلسل ٹائٹل حاصل کررہے ہیں مگر حکومتی ایوانوں میں اسکا کوئی اثر نہیں ہورہا، کامیابی حاصل کرنے پر ہمارے کھلاڑیوں کو انکا جائز حق تک نہیں دیا جاتا اسکے باوجود ہم فتوحات حاصل کررہے ہیں۔ عالمگیر شیخ نے کہا کہ اسپورٹس پالیسی کے تحت حمزہ اکبر کو بھی پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے 50لاکھ روپے ملنے ہیں، یہ نوجوان کھلاڑی ملک کا اثاثہ ہے کم عمری میں ایشین چیمپئن بننا اسکے تابناک مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔

اصغر ولیکا نے کہا کہ اسنوکر کو زندہ رکھنے میں ذرائع ابلاغ کا کردار بڑا اہم رہا ہے ایشین ٹائٹل کے دوبارہ پاکستان آنے سے کھیل کو مزید فروغ حاصل ہوگا ۔انجم نثار اور اصلاح الدین صدیقی نے بھی حمزہ اکبر کو ایشین ٹائٹل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔بعد ازاں حمزہ اکبر کو پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کی جانب سے تین لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں