ٹڈاپ اسکینڈل میں گیلانی امین فہم و دیگر کیخلاف تحقیقات دوبارہ شروع

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی تحقیقات ایف آئی اے نے 2سال قبل شروع کیں جو روک دی گئی تھیں۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی تحقیقات ایف آئی اے نے 2سال قبل شروع کیں جو روک دی گئی تھیں۔ فوٹو: فائل

اربوں روپے مالیت کے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اسکینڈل میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما مخدوم امین فہیم اور دیگر بااثر ملزمان کے خلاف تحقیقات دوبارہ شروع کردی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد نے یوسف رضا گیلانی، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مخدوم امین فہیم، سابق اسسٹنٹ سیکریٹری پرائم منسٹر ہاؤس محمد زبیر اور دیگر ملزمان کے خلاف تحقیقات کئی ماہ کے تعطل کے بعددوبارہ شروع کردی ہیں۔ گزشتہ دور حکومت میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان میں بڑے پیمانے پر کی جانے والی کرپشن کی تحقیقات ایف آئی اے نے 2سال قبل شروع کی تھیں اورتحقیقات کے دوران یہ ثابت ہوا تھا کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے فریٹ سبسڈی کی مد میں5 ارب روپے سے زائد کاغذی کمپنیوں کوجاری کیے گئے اور اس میں اس وقت کے وزیراعظم، وزیر تجارت، اسسٹنٹ سیکریٹری پرائم منسٹر ہاؤس اور دیگر بااثر بیوروکریٹس براہ راست ملوث تھے۔


ایف آئی اے نے اس سلسلے میں مجموعی طور پر 60 سے زائد مقدمات درج کیے ہیں جن میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، مخدوم امین فہیم، اعلی ترین بیوروکریٹس، ٹڈاپ کے افسران، کاغذی کمپنیوں کے مالکان، سیاستدانوں کے فرنٹ مین، بینکرز اور مڈل مین کا کردار اداکرنے والے افراد کو نامزد اور گرفتاربھی کیاگیا، چند ماہ قبل ایف آئی اے کرائم سرکل کراچی نے مالی اسکینڈل کے اہم کردار اور یوسف رضاگیلانی کے دست راست محمدزبیر کو گرفتار کیا تو دوران تفتیش گزشتہ دور حکومت میں کی جانے والی کرپشن سے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئیں تاہم بعدازاں تحقیقات کوروک دیا گیا۔

چند دن قبل وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے تحقیقات کو سرد خانے کی نذر کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ہیڈکوارٹرزمنتقل کیے جانے والے دونوں مقدمات میں ایک مرتبہ پھرتحقیقات کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ڈپٹی سیکریٹری پرائم منسٹرہاؤس کے اعترافی بیان کی روشنی میں تحقیقات کادائرہ وسیع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، توقع ہے کہ آئندہ چندروز میں ایف آئی اے کی جانب سے اہم اور بااثر سیاسی شخصیات کیخلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کردیاجائے گا۔
Load Next Story