کم عمری میں دنیا کوالوداع کہہ دینے والی بالی ووڈ اداکارائیں

بالی ووڈ کی ناموراداکارائیں اپنے کیرئیر کے عروج پر ہی کم عمری میں دنیا چھوڑ گئیں


ویب ڈیسک May 04, 2015
کم عمر میں دنیا سے کوچ کرنے والی اداکارائیں آج بھی مداحوں کی دلوں میں زندہ ہیں، فوٹو:فائل

جواں عمری میں کسی کی موت کی خبر آجائے توانتہائی دکھ محسوس کیا جاتا ہے لیکن جب کوئی نامورجوان اپنے فنی کیرئیر کے عروج پر ہی دنیاچھوڑ جائے تو قرب کے ساتھ ساتھ رنج وغم کی کیفیت کئی عرصہ رہتی ہے اور سالوں تک موت کا یقین ہی نہیں ہوتا ایسے ہی کچھ واقعات بھارتی فلم نگری بالی ووڈ میں پیش آئے جہاں کئی کامیاب اداکارائیں اپنے فلمی کیرئیر کے عروج پر ہی دنیا چھوڑ گئیں لیکن وہ آج بھی مداحوں کی دلوں میں زندہ ہیں۔

دیویا بھارتی



مختصر عرصے میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی نوجوان بالی ووڈ اداکارہ دیویابھارتی کو دنیا چھوڑے 21 برس بیت چکے ہیں لیکن وہ آج بھی مداحوں کی یاد میں زندہ ہیں۔ بالی ووڈ میں ایک سال کے دوران 14 فلموں میں کام کرکے منفرد ریکارڈ قائم کرنے والی دیویا بھارتی 5 اپریل 1993 کو صرف 19 سال کی تھیں جب ممبئی میں اپنے فلیٹ کی پانچویں منزل سے گرکرزندگی کی بازی ہارگئیں اور آج تک ان کی موت معمہ بنی ہوئی ہے۔

مینا کماری



بالی ووڈ میں ٹریجک کوئین کے نام سے مشہور مینا کماری بھارتی فلم انڈسٹری کا چمکتا دمکتا ستارہ تھیں بالی ووڈ کے افق پر چمکتے اس ستارے نے فلم انڈسٹری کو کئی کامیاب ترین فلمیں دی ہیں۔ میناکماری جگر کے عارضے میں مبتلا تھیں وہ فلم ''پاکیزہ'' کے ریلیز ہونے کے چند دنوں بعد ہی 39 برس کی عمر میں مارچ 1972 میں اپنے لاکھوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ گئیں۔

مدھوبالا



بالی ووڈ کی سب سے خوبصورت اداکارہ مدھوبالا کا نام انڈسٹری کی پہچان بن گیا تھا، بالی ووڈ حسینہ نے فلم ''مغل اعظم'' میں'' انارکلی'' کا کردار اداکرکے نہ صرف ناظرین کے دل جیتے بلکہ فلم انڈسٹری میں عروج کے مقام پر پہنچ گئیں۔ بالی ووڈ حسینہ مدھوبالا نے 36 سال کی عمر میں دنیا کو الوداع کہا انہیں دل میں سوراخ کی بیماری تھی جو اس وقت ناقابل علاج تھی۔

سمیتا پاٹیل



اداکارہ سمیتا پاٹیل نے اپنی جاندار اداکاری کے باعث بالی ووڈ میں بہت جلد مقام بنالیا تھا۔ کئی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی سمیتاپاٹیل بھی 31 سال کی عمر میں 13 دسمبر 1986 کو جہان فانی سے کوچ کر گئیں۔ اداکارہ سمیتا پاٹیل کی موت دوران زچگی ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث ہوئی۔

جیا خان



بالی ووڈ اداکارہ جیا خان نے 3 فلموں میں اداکاری کے جوہردکھائے اور بالی ووڈ میں قدم جمانے میں کامیاب ہوگئیں۔ فلم ''گجنی ''میں اداکاری کے باعث جیا خان شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔ اداکارہ جیاخان کی 3 جون 2013 کو خودکشی کی خبر نے سب کو حیران کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں