تیز دھوپ میں سورج کی شعاعیں جلد کو نقصان پہنچاتی ہیں ماہرین طب

مسلسل تیزدھوپ میں رہنے سے جلد جھلس جاتی ہے جس سے جلد میں انفیکشن جنم لیتے ہیں


Staff Reporter May 05, 2015
تیزدھوپ سے بچوں کی اسکن جلدی متاثر ہوتی ہے،والدین بچوں کوتیزدھوپ میں کھیلنے سے روکیں،ماہرامراض جلدڈاکٹرقمرچانڈیو۔ فوٹو:فائل

KARACHI: کراچی میں گرمی اور دھوپ کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے دھوپ کی تپش سے انسانی جلد اور جسم کو طبی مسائل لاحق ہوتے ہیں تیزدھوپ میں سورج کی شعاعیں جسم کی کھال کو متاثرکرتی ہے۔

حساس جلد کے افراد تیز دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں مسلسل تیزدھوپ میں رہنے سے جلد جھلس جاتی ہے جس سے جلد میں انفیکشن جنم لیتے ہیں تیز دھوپ میں چہرے کی حساس جلد زیادہ متاثر ہوتی ہے، ان خیالات کا اظہار ماہر امراض جلد ڈاکٹر قمر چانڈیو نے گفتگو میں کیا، انھوں نے کہا کہ شدیدگرمی اور تیز دھوپ میں حساس جلد پر آبلے پڑجاتے ہیں جلد میں انفیکشن بھی گرمی اورتیز دھوپ کی وجہ سے ہوتا ہے جبکہ گرمی دانے بھی انفیکشن کی ایک قسم ہوتی ہے جلد پر مسلسل دھوپ لگنے سے جسم پرگرمی دانے نکل آتے ہیں جو جلدی انفیکشن کہلاتے ہیں ان گرمی دانوں پر پیسنے آنے کی صورت میں انفیکشن بڑھ کر شدت اختیار کرلیتا ہے گرمی میں جلد زیادہ متاثرہوتی ہے اور جلد کے امراض زیادہ جنم لیتے ہیں۔

بچے اور خواتین تیزدھوپ میں باہر نکلنے سے اجتناب کریں، دھوپ میں نکلنے والے افراد کو گھر جاکر ٹھنڈے پانی سے منہ دھونا چاہیے، تیز دھوپ سے بچوں کی نازک اسکن جلدی متاثر ہوتی ہے لہذا والدین بچوں کو تیز دھوپ میں باہر نہ نکلنے دیں، بچوں کو گرمی دانے ہونے کی وجہ بھی گرمی اور تیز دھوپ ہوتی ہے۔

ماہرین طب کا کہنا ہے کہ شدیدگرمی اور تیز دھوپ میں ضعیف افراد اور بچے باہر نکلنے سے اجتناب کریں شدید گرم موسم میں ہیٹ اسٹروک کا امکان ہوتا ہے متاثرہ افرادکو سر درد اور چکر آنے کے ساتھ قے بھی ہوسکتی ہے لو لگنے سے جسم میں پانی کی کمی ہوجاتی ہے ایسی صورت میں متاثرہ فردکو ٹھنڈی جگہ منتقل کرکے گھر کے ٹھنڈے مشروبات پلائے جائیں گرم موسم میں لیموں کا شربت پینا مفید ہوتا ہے گھروں میں لیموں پانی کا شربت پینے سے جسم کے ضائع ہونے والے نمکیات دوبارہ بحال ہوجاتے ہیں شدید گرمی اور دھوپ میں پسینے خارج ہونے کی صورت میں جسم سے نمکیات ضائع ہوتے رہتے ہیں جس سے جسم میں پانی کی شدید کمی ہوجاتی ہے اورمتاثرہ فردکوچکر آنے اور سردرد کی شکایت ہوجاتی ہے۔

گرمیوں میں ہلکے کھانوں کے ساتھ دہی کا استعمال مفید ہوتا ہے شہری شدید گرمی میں مرغن اور تیز مصالحے دار کھانوں سے اجتناب کریں، شہری شدید گرمی میں فریج میں رکھے باسی کھانے کھانے سے اجتناب کریں، باسی کھانے کھانے سے ہیضے کا مرض لاحق ہوسکتا ہے ہیضے کے مرض میں قے اور اسہال کی شکایت ہوتی ہے جس سے متاثرہ فردکے جسم میں پانی اور نمکیات کی شدیدکمی ہوجاتی ہے اور وہ کمزوری محسوس کرتا ہے۔

شہری اپنے بچوں کو بازار اور ٹھیلوں پر فروخت ہونے والی غیر محفوظ کھانے پینے کی اشیا خریدنے سے روکیں، ماہرین طب کا کہنا ہے کہ شدید گرم موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے موسمی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے، بچوں کو اسہال اور قے کی صورت میں فوری طور پر او آر ایس پلایا جائے اور فوری معالج سے رجوع کیاجائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں