آئرلینڈکے دل میں دورہ پاکستان کی خواہش مچلنے لگی

ہمارے بھی وہاں رابطے موجود جو زمینی حقائق سے گاہے بگاہے مطلع کرتے رہتے ہیں، چیف ایگزیکٹیو ویرن ڈیوٹریم


Sports Desk May 06, 2015
زمبابوے کے ممکنہ ٹور نے حوصلے مزید بڑھا دیے،آئندہ برس میزبانی کی بھی خواہش۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لاہور: آئرلینڈ کے دل میں دورئہ پاکستان کی خواہش پھر سے مچلنے لگی،زمبابوین ٹیم کے ممکنہ ٹور نے حوصلے مزید بڑھا دیے،گذشتہ برس کراچی ایئرپورٹ پر حملے نے سیریز کا منصوبہ خاک میں ملا دیا تھا۔

رواں ماہ زمبابوے کے بعد مستقبل میں آئرش کرکٹ ٹیم بھی پاکستان آ سکتی ہے، کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹیو ویرن ڈیوٹریم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ہمارے بھی وہاں رابطے موجود جو زمینی حقائق سے گاہے بگاہے مطلع کرتے رہتے ہیں،چند ہفتے قبل دبئی میں آئی سی سی اجلاس کے دوران پی سی بی حکام سے بھی تبادلہ خیال ہوا تھا، امید ہے کہ جلد اس حوالے سے مزید بات چیت ہوگی،انھوں نے کہا کہ ہم 2016 کے انگلش دورے سے قبل پاکستانی ٹیم کی میزبانی بھی کرنا چاہتے ہیں۔

اس حوالے سے ابتدائی تبادلہ خیال ہو چکا، اب ہمیں پی سی بی کے حتمی جواب کا انتظار ہے،گرین شرٹس ماضی میں بھی ہمارے ملک میں میچز کھیل چکے اور ایک مرتبہ پھر ہم ان کی میزبانی کرکے خوشی محسوس کرینگے، ہم ان کی آمد کو ممکن بنانے کیلیے اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس ستمبر میں آئرلینڈ نے تین میچز کی ون ڈے سیریز کھیلنے کیلیے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کردی تھی۔

مگر پھر 8 جون 2014 کو کراچی ایئرپورٹ پر حملے سے یہ تمام کوششیں سبوتاژ ہوگئی تھیں، گذشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے زمبابوے سے ہوم سیریز کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی کامیاب میزبانی سے مستقبل میں پاکستان میں دیگر ٹیموں کے آنے کا راستہ بھی کھل جائے گا،اس حوالے سے آئرلینڈ کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو سکتے ہیں، البتہ تمام تر انحصار زمبابوے سے کامیاب سیریز کے انعقاد پر ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں