امریکا میں خاتون کی حاضر دماغی نے 4 افراد کی جان بچا لی

بوائے فرینڈ کے ہاتھوں یرغمال خاتون نے کھانے کا آرڈر دیتے وقت مدد کی درخواست کی


ویب ڈیسک May 06, 2015
پولیس نے بروقت کارروائی کرکے خاتون کو بچوں سمیت بحفاظت بازیاب کرالیا، فوٹو:فائل

امریکا میں اپنے بچوں سمیت بوائے فرینڈ کے ہاتھوں یرغمال بنائی جانے والی ایک خاتون نے حاضر دماغی سے ایسا کام لیا کہ جس سے 4 افراد کی جان بچ گئی

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے ہائی لینڈ کاؤنٹی میں خاتون کو اس کے بوائے فرینڈ نے بچوں سمیت چاقو کے زور پر یرغمال بنا لیا اور اسے بچوں سمیت قتل کرنے کی دھمکی کی۔ پولیس کے مطابق خاتون چیرل ٹریڈوے کے بوائے فرینڈ نے جب اسے یرغمال بنایا تو وہ اپنے ایک بچے کے ساتھ گھر میں موجود تھی اور کچھ دیر بعد اس نے اپنے بوائے فرینڈ سے درخواست کی کہ وہ اپنے 2 بچوں کو اسکول سے واپس لانے کے لیے جانا چاہتی ہے تاہم اس شخص نے خاتون کو اکیلے اجازت نہ دیتے ہوئے خود اس کے ساتھ چل دیا جس کے بعد گھر واپسی پر خاتون نے انتہائی چالاکی کا مظاہرہ کیا اور کھانے کے لیے پیزا کا آرڈر دینے کی خواہش کی جس پر اس کے بوائے فرینڈ نے اس کی بھی اجازت دے دی۔

پیزا کا آرڈر دیتے وقت خاتون نے انتہائی حاضر دماغی سے کام لیا اور آرڈر دیتے وقت مدد کی درخواست دیتے ہوئے ہیلپ لائن پر کال کرنے کا کہا جس پر سیلز مین نے یہ پیغام فوری طور پر ریسٹورینٹ کے مینیجر کو پہنچایا جس نے صورتحال سے پولیس کو آگاہ کردیا، پولیس نے شکایت پر ایکشن لیتے ہوئے خاتون کے گھر چھاپہ مارا اور اس کے بوائے فرینڈ کو گرفتار کرکے خاتون اور بچوں کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔

دوسری جانب ریسٹورنٹ مینیجر کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے کیریئر کے گزشتہ 28 سال میں ایسا واقعہ کبھی نہیں دیکھا یہ انتہائی غیر معمولی واقعہ تھا جس میں خاتون کی حاضر دماغی بہترین مثال ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں