جاپان کے چڑیا گھر نے بندریا کا نام برطانوی شہزادی کے نام پر رکھنے پر معافی مانگ لی

چڑیا گھر کی انتظامیہ نے بندریا کا نام لوگوں کی تجویز پر شارلٹ رکھا جس پر شدید اعتراض سامنے آیا

چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے بندریا کا نام تبدیل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے، فوٹو:فائل

ایک طرف تاج برطانیہ میں ننھی پری کی آمد ہوئی جس کا نام شارلٹ الزبتھ ڈیانا رکھ دیا گیا لیکن اسے حسن اتفاق کہیے یا منصوبہ بندی کہ اسی دن جاپان کے چڑیا گھر میں ایک ننھی مہمان بندریا نے آنکھیں کھولیں اور اس کا نام بھی شارلٹ رکھ دیا گیا۔


جاپان کے جنوبی علاقے تاکاسکیمیا کے چڑیا گھر میں ایک طویل عرصے بعد ایک مادہ بندر کی پیدائش نے چڑیا گھر میں خوشی کی لہردوڑا دی لیکن جب اس ننھی مہمان کا نام رکھنے کا مرحلہ پیش آیا تو کئی نام تجویز کیے گئے جس کے بعد چڑیا گھرکی انتظامیہ نے اپنی روایت کے مطابق نام رکھنے کے لیے وہاں آنے والے لوگوں کے سامنے تجویز کردہ نام رکھ کر ان کی رائے لی اور لوگوں کی اکثریت نے شارلٹ کے نام پر اتفاق کیا جب کہ اسی روز برطانیہ میں تاج برطانیہ کی نئی مہمان شہزادی کا نام بھی شارلٹ چنا گیا تھا۔

جاپان کے چڑیا گھر نے بندریا کا نام شارلٹ کیا رکھا لوگوں کی بڑی تعداد نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے اسے برطانوی شاہی خاندان کے احترام کے خلاف قرار دیا اور نام تبدیل کرنےکا بھی مطالبہ کردیا۔ لوگوں کا اعتراض حد سے بڑھنے پرچڑیا گھر کی انتظامیہ نے معذرت کرتے ہوئے بندریا کا نام تبدیل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
Load Next Story