لوئردیرکے ضمنی انتخاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار کامیابغیرسرکاری نتیجہ

اعزازالملک نے 18 ہزار711 ووٹ حاصل کئے جبکہ اے این پی کےامیدوار16 ہزار403 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبرپررہے،غیرحتمی نتیجہ


ویب ڈیسک May 07, 2015
پی کے 95 کی نشست سراج الحق کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ فوٹو فائل

خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 95 لوئردیر کے ضمنی انتخاب میں غیر حتمی اورغیر سرکاری نتائج کے مطابق جماعت اسلامی کے امیدوار اعزاز الملک 18 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لوئردیر کے تمام 85 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سامنے آگئے جس کے بعد غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق جماعت اسلامی کے امیدوار اعزاز الملک نے 18 ہزار711 ووٹ حاصل کئے جب کہ دوسرے نمبر پر آنے والے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار بہادرخان نے 16 ہزار 403 ووٹ حاصل کئے۔ پی کے 95 میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا تاہم حلقے میں کسی خاتون نے ووٹ نہیں ڈالا۔

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 743 ہے جب کہ ووٹنگ کے لئے 85 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے تاہم کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر کوئی خاتون اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے نہ آئی، حلقے میں انتخاب کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے جب کہ ضمنی انتخاب کے موقع پر مالا کنڈ بورڈ نے انٹر کا پرچہ ملتوی کردیا اور حلقے میں عام تعطیل رہی۔

واضح رہے کہ عام انتخابات میں پی کے 95 جندول سے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کامیاب ہوئے تھے لیکن ان کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد یہ سیٹ خالی ہو گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں