نیپال میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 7ہزار800ہوگئی

اقوام متحدہ کے مطابق زلزلے کے باعث اسکولوں کے 10لاکھ بچے کلاس رومز سے محروم ہوگئے ہیں


News Agencies/AFP May 08, 2015
اقوام متحدہ کے مطابق زلزلے کے باعث اسکولوں کے 10لاکھ بچے کلاس رومز سے محروم ہوگئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

نیپال میں زلزلے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 7 ہزار800 سے زائد ہوگئی جبکہ 3 لاکھ مکان تباہ ہوگئے، زلزلے نے کٹھمنڈو شہر کا نقشہ ہی بدل دیا، مقامی فوج، ریسکیو اور غیر ملکی اداروں کی مدد سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ سیکڑوں افراد اب تک لاپتہ ہیں،نیپالی حکام کا کہنا تھا کہ زلزلے سے 16 ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

متعدد افراد عارضی کیمپوں سے اپنے گھروں میں منتقل ہو چکے ہیں لیکن اب بھی کئی خاندان ایسے ہیں جو ضروریات زندگی نہ ہونے اور گھر مکمل تباہ ہونے کی وجہ سے اب تک عارضی خیموں میں مقیم ہیں، نیپالی حکومت کی جانب سے امدادی کارروائیاں خود کرنے کے اعلان کے بعد متعدد غیر ملکی ٹیمیں وطن لوٹ چکی ہیں جبکہ پاکستان، چین ، بھارت سمیت دیگر ممالک اب بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، بھارت کی امدادی کارروائیوں کا پول کھلتے ہی نیپالی حکام نے استعمال شدہ کپڑے اور دیگر اشیا قبول کرنے سے انکار کر دیا، پرانے امدادی سامان کو ضائع کر دیا گیا۔

اقوام متحدہ کے مطابق زلزلے کے باعث اسکولوں کے 10لاکھ بچے کلاس رومز سے محروم ہوگئے ہیں، زلزلے کے دوران بڑا برفانی تودہ گرنے کے باعث سیکڑوں غیر ملکی سیاحوں کی لاشیں چٹانوں میں دب گئی ہیں، دارالحکومت کے شمال میں 60 کلو میٹر دور لانگ ٹانگ نامی گاؤں میں پہاڑ کی چٹانوں پر ہر طرف انسانی اعضا اور ہڈیاں وغیرہ بکھری پڑی ہیں۔

امدادی کارکنوں نے غیر ملکی سیاحوں میں مقبول گاؤں کی پہاڑی سے 6 لاشیں برآمد کی ہیں، اسی علاقے میں ہفتے کو 100 لاشیں برآمد کی گئی تھیں، لاشوں کی تعداد 300 تک ہو سکتی ہے جن میں سے زیادہ تر لاشیں غیر ملکیوں کی ہیں، ادھر کیوبا نے نیپال کے زلزلہ متاثرین کیلیے 48 رکنی میڈیکل ٹیم روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں