پاکستان کا بی جے پی کے رہنما ایل کے ایڈوانی کو تحفہ

پاکستان کی جانب سے ایڈوانی کو چکوال کے کاٹاس مندر کے تالاب کا پانی تحفے میں دیا گیا


ویب ڈیسک May 08, 2015
ہندو مذہب کے لوگ کاٹاس مندر کے پانی کو انتہائی مقدس مانتے ہیں، فوٹو فائل

دنیا بھر میں ہندوؤں کے مقدس مقامات جہاں ہندوستان میں ہیں وہیں کچھ پاکستان میں بھی ہیں جن میں سے کاٹاس راج کا مندر بھی ایک ہے جس کے تالاب کا پانی ہندو بڑے احترام سے اپنے ساتھ لے جاتے ہیں اور اسی پانی کا ایک گھڑا پاکستان کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کےتحت بی جے پی کے رہنما ایل کے ایڈوانی کو تحفہ کے طور پر دیا گیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق چکوال کے علاقے کاٹاس کے مندر کے تالاب امار کنڈ کا پانی بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بی جے پی کے سابق صدر ایل کے ایڈوانی کو پیش کیا۔ ایل کے ایڈوانی کو حکومت پاکستان نے مندر کی دوبارہ سے تعمیر کے کام کے آغاز پر2005 میں مہمان خصوصی کے طور بلایا تھا جس کے بعد سے ایڈوانی مندر کے تعمیری کام پردلچسپی لیتے رہتے ہیں اور اس کے کام سے متعلق آگاہ رہتے ہیں۔

ہندو عقیدے کے مطابق ان کے دیوتا شیوا اپنی اہلیہ ستی سے بے انتہا محبت کرتا تھے اور جب وہ دنیا سے رخصت ہوئیں تو وہ کئی ماہ تک روتے رہے اور ان کے آنسوؤں سے دو تالاب بن گئے جس میں سے ایک بھارتی شہر اجمیر اور دوسرا پاکستان کے علاقے چکوال میں کاٹاس نامی مندر میں موجود ہے۔ ہندو اس تالاب کے پانی کو مقدس جان کر گھڑوں میں بھر کر لے جاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں