نیپال میں زلزلے نے ماؤنٹ ایورسٹ کی اونچائی کم کر دی

زلزلے سے ماؤنٹ ایورسٹ کی اونچائی 2.5سینٹی میٹرگھٹ گئی ہے


APP May 09, 2015
وزیر اعظم نوازشریف کی ہدایت پرایک اورطیارہ نیپال کے زلزلہ زدگان کے لیے امدادی سامان لیکر کٹھمنڈو پہنچ گیا۔ فوٹو : فائل

نیپال میں آنے والے قیامت خیز زلزلے نے دنیا کی بلند ترین پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ کی لمبائی2.5 سینٹی میٹرکم کردی۔

سیٹلائیٹ ڈیٹا کے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ زلزلے سے نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو کی زمینی سطح ایک میٹرتک عمودی طرف میں اوپرہوگئی ہے جبکہ ماؤنٹ ایورسٹ کی اونچائی 2.5سینٹی میٹرگھٹ گئی ہے۔ مذکورہ حقائق کا پتہ یورپ کی اسینٹینل ون اے راڈار سیٹلائیٹ نے دیا ہے جسے سائنسدانوں نے بغورمطالعے کے بعد جاری کیا ہے،یاد رہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ کی کل اونچائی 8 ہزار 848میٹر (29ہزار، 29فٹ ) ہے۔ دوسری طرف جمعے کی علی الصباح زلزلہ کے 2 جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی ریکٹر اسکیل پر شدت 4 اور 5 ریکارڈ کی گئی۔

نیپالی محکمہ موسمیات کے مطابق مذکورہ جھٹکے 25 اپریل کے زلزلے کے ہی آفٹرشاکس ہیں، کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دریں اثنا ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ نیپال میں زلزلے سے ہونے والی ہلاکتیں8413تک پہنچ گئیں، 16000سے زائدافراد زخمی ہیں جبکہ 300افراد کے برف تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہرکیا گیا ہے، متاثرہ علاقوں میں امدادی کام بدستور جاری ہے۔نیپالی حکام کے مطابق 110 غیرملکیوں سمیت 300سے زائد افراد اب بھی برف تلے دبے ہونے کا امکان ہے۔ ملبے سے 2روسی سفارت کاروں کی لاشیں بھی نکالی گئی ہیں۔وزیر اعظم نوازشریف کی ہدایت پرایک اورطیارہ نیپال کے زلزلہ زدگان کے لیے امدادی سامان لیکر کٹھمنڈو پہنچ گیا۔

نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بھیجے گئے امدادی سامان میں 3000 چھوٹے ترپال اور 15 بڑے ترپال (پناہ گاہیں) شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے کے چئیرمین میجر جنرل اصغر نواز اور دیگر سینئر حکام بھی امدادی سامان کے ساتھ نیپال گئے۔ ادھراقوام متحدہ نے کہا ہے کہ نیپالی زلزلہ متاثرین کے لیے415 ملین ڈالرز کی فراہمی کے لیے اپیل کی گئی تھی تاہم ابھی تک صرف 22 ملین ڈالر ملے ہیں۔ نیپال کے لیے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جیمی میک گولڈرک نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ 415 ملین ڈالرز کا ہدف پورا کرنے کے لیے رقومات کی فراہمی کے عمل کو ڈرامائی طور پر تیزکرنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔