تومیرا شوق دیکھ بالی وڈ اسٹارز کے مہنگے شوق

کرینہ کپور، دیپکا پاڈوکون، کترینہ کیف، ایشوریا رائے بچن اور پریانکا چوپڑہ بھی با لی وڈ کی مہنگی ترین اداکارائیں ہیں


بالی ووڈ اسٹارز اپنی مارکیٹ ویلیو کے مطابق فلم سازوں سے منہ مانگا معاوضہ طلب کرتے ہیں۔فوٹو : فائل

KABUL: بولی وڈ ایک ایسی طلسماتی دنیا ہے جہاں ہر اس چیز کے بارے میں ہونے کے امکانات ہوتے ہیں جن کے بارے میں ایک عام انسان سوچ بھی نہیں سکتا۔ فلم انڈسٹری میں میں بے شمار ہزاروں افراد میں ایکٹرز وہ طبقہ ہے جو ہر جگہ اور ہر لحاظ سے خود کو نمایاں رکھنے کا شوقین ہوتا ہے۔

اس لیے ان کے چاہنے والے بھی ان کے بارے میں نت نئی باتوں کو جاننا ضروری سمجھتے ہیں۔ فلم انڈسٹری وہ جگہ ہے جہاں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کے لیے ایکٹرز کچھ بھی کرنے کو تیار رہتے ہیں۔ یوں تو ایک طویل عرصے سے بولی وڈ میں تین خانز کی اجارہ داری ہے اور ان کا شمار بھی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فن کاروں میں ہوتا ہے ان کے ساتھ ساتھ اکشے کمار، رتھک روشن، رنبیر کپور اور امیتابھ بچن بھی زیادہ معاوضہ طلب کرتے ہیں۔ ان سب اسٹارز کے ساتھ ہیروئنز بھی کسی سے کم نہیں۔ کرینہ کپور، دیپکا پاڈوکون، کترینہ کیف، ایشوریا رائے بچن اور پریانکا چوپڑہ بھی بولی وڈ کی منہگی ترین اداکارائیں مانی جاتی ہیں۔ یہ تمام اسٹارز اپنی مارکیٹ ویلیو کے مطابق فلم سازوں سے منہ مانگا معاوضہ طلب کرتے ہیں۔

سوال یہ اٹھتا ہے کہ آخر یہ فن کار جب اتنا زیادہ معاوضہ لیتے ہیں تو ان کے ایسے کیا شوق ہوں گے جن پر دل کھول کر پیسہ خرچ کرتے ہیں۔ بے شمار فن کاروں نے اپنی جائیدادیں بنالی ہیں، جس سے یہ سب مستقبل کی فکر سے آزاد ہو گئے ہیں۔ اس کے باوجود یہ اسٹارز اپنے منہگے ترین شوق کو پورا کرنے میں کسی سے پیچھے نہیں ہٹتے ۔

ان کے شوق کئی قسمیں کے ہو سکتی ہیں گھر کی انٹریر، مختلف برانڈ کی گاڑیاں ، جدید موٹر بائیک، لگژری ہالیڈے پیکیج، قیمتی اور منہگی ترین گھڑیاں، ڈائمنڈز، جیولری، ہوم الیکٹرونک کے آلات (جن میں قیمتی استری سے لے کر موبائل فون اور کیمرے وغیرہ شامل ہیں) ہینڈبیگز، پرفیومز، جوتے، ساڑھیاں، شاپنگ اور جانور پالنا جیسے شوق شامل ہیں ۔

سلمان خان: بولی وڈ کے سلو بھائی اس وقت فلموں کا سب سے زیادہ معاوضہ طلب کرنے والے ہیرو ہیں۔ وہ خاصے منہگے اداکار تصور کیے جاتے ہیں اور اپنی مارکیٹ ویلیو سے یہ خود بھی بہت اچھی طرح سے آگاہ ہیں۔ اس لیے فلم سازوں سے اپنی شرائط پر کام کراتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق سلمان خان اس وقت ایک فلم کا معاوضہ تقریباً 55کروڑ لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بگ باس سیزن کے تمام پروگرام (جن میں بگ باس سیزن 9جو کہ جلد ٹیلی کاسٹ ہونے والا ہے)، مختلف اشتہارات اور اسٹیج پرفارمینس ان کی اضافی آمدنی کے ذرائع ہیں۔ اس کے علاوہ سلمان کو کیوں کہ پینٹنگ کا شوق بھی ہے تو اپنی بنائی ہوئی تصاویر کو منہگے داموں فروخت کرتے ہیں۔

اس طرح سلمان کی آمدنی کا زیادہ تر حصہ ان کی اپنی این جی او بینگ ہیومن کو چلا جاتا ہے۔ سلمان کے دو انتہائی منہگے شوق ہیں۔ ایک پرفیومز اور دوسرا صابن۔ ہر نئی اور برانڈز پرفیوم سلمان کی ڈریسنگ ٹیبل کا حصہ بن چکی ہے، جب کہ دنیا کہ تمام اقسام کے برانڈڈ صابن سلمان کے پاس ہیں۔ ان دونو ں چیزوں پر سلو بھائی دل کھول کر پیسہ خرچ کرتے ہیں اور دنیا میں جہاں کہیں بھی اچھی اور اعلیٰ پرفیوم یا صابن نظر آ جائے تو سلمان اسے فوراً خرید لیتے ہیں۔ اس لیے وہ خود بھی ہر وقت خوشبوؤں میں بسے رہتے ہیں ۔

شاہ رخ خان: بادشاہ خان بھی اپنے منہگے شوق کے ہاتھوں کسی سے کم نہیں ان کے گھر منت میں دنیا کی کم و بیش ہر قسم کی چیز موجود ہے۔ شاہ رخ خان کا معاوضہ بھی کروڑوں میں ہے اور وہ ایک فلم کا کم از کم معاوضہ 30 سے 40کروڑ طلب کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف کمرشلز، اسٹیج پرفارمینس سے ہونے والی آمدنی کے ساتھ ساتھ ان کا اپنا پروڈکشن ہاؤس بھی ہے۔

شاہ رخ یوں تو دنیا کے امیر ترین شخص ہیں، لیکن ان کے اپنے ذاتی دو، تین ہی قسم کے شوق ہیں۔ نمبر ایک کنگ خان کو الیکٹرونک اشیاء جمع کرنے کا شوق ہے ان کے گھر کے ایک پورے فلور پر شا ہ رخ نے مختلف ویڈیو گیمز انسٹال کر رکھے ہیں فارغ وقت میں وہ اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ تر وقت اسی فلور پر گزار تے ہیں اس کے علاوہ شاہ رخ کو انٹر نیشنل برانڈ ڈینم کی جینز کا انتہائی سے زیادہ کریز ہے اور اس وقت ان کے پاس سو سے زاید اقسام کی جینز ہیں۔ کنگ خان کے پاس گاڑیوں کا کلیکشن بھی انتہائی منہگا ہے۔ ان کے پاس اس وقت سات لگژری گاڑیاں، جن میں بی ایم ڈبلیو کی سیریز، audi ،baggatiگاڑیوں کے علاوہ منہگی ترین وینٹی کار بھی ہے۔

امیتابھ بچن: بگ بی اس وقت بھی کسی دوسرے اسٹار سے پیچھے نہیں ان کا شمار بولی وڈ کے سب سے زیادہ معاوضہ طلب کرنے والے ٹاپ ٹین اداکاروں میں ہو تا ہے۔ اس وقت امیتابھ بچن 18سے 20کروڑ فی فلم کے حساب سے معاوضہ لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کون بنے گا کروڑ پتی کی سیریز اور مختلف اشتہارات ان کی آمدنی کے دیگر ذرائع ہیں۔ بگ بی ممبئی میں کئی پراپرٹی کے مالک ہیں۔

ان کا سب سے اہم شوق گاڑیوں کا ہے۔ وہ ہر نئے برانڈ کی کار خریدنا پسند کرتے ہیں خواہ اس کی مالیت کچھ بھی ہو۔ اپنے دور کے آغاز ہی سے بگ بی نے اپنی پہلی کمائی سے گاڑی ہی خریدی تھی۔ یہ شوق اور جنون آج بھی اسی طرح جوان ہے۔ اس وقت امیتابھ بچن کے پاس مختلف برانڈ کی گیارہ لگژری گاڑیاں ہیں جن میں بی ایم ڈبلیو ، مرسیڈیز، وینٹی وین ، audiوغیرہ کے نئے اور جدید برانڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بگ بی کا دوسرا شوق ٹائیاں جمع کرنا ہے، جنہیں وہ مختلف مواقع پر استعمال کرتے ہیں۔

اس وقت ان کے پاس کم و بیش دنیا کے ہر ملک سے خریدی ہو ئی برانڈڈ ٹائیاں موجود ہیں۔ ان کی تعداد دو ہزار سے زیادہ ہے۔ اس معاملے پر وہ کسی قیمت پر سمجھوتا نہیں کرتے اور دل کھول کر گاڑیوں اور ٹائیوں پر پیسہ خرچ کرتے ہیں۔

کرینہ کپور: بیگم کرینہ خان ہمیشہ خود پسندی کا شکار رہتی ہیں۔ اس لیے وہ اپنے اوپر توجہ بھی دیگر ہیروئنز سے زیادہ ہی دیتی نظر آتی ہیں۔ یوں تو ں بولی وڈ کی ہر ہیروئن اپنے کسی بھی معاملے میں سمجھوتا نہیں کرتی، لیکن کرینہ ان سب سے ایک ہاتھ آگے ہی ہیں۔ کرینہ کا اس وقت کا فلمی معاوضہ 49.5کروڑ فی فلم ہے۔ اس کے علاوہ اشتہارات اور مختلف اسٹیج پرفارمینسز آمدنی کے دیگر ذرائع ہیں۔ کرینہ سب سے زیادہ پیسہ اپنے فگر کو پر کشش بنائے رکھنے پر خرچ کرتی ہیں۔ اس کے لیے انہوں نے گھر پر ہی ایک جم بنا رکھا ہے، جس میں دنیا بھر سے منگائی ہوئی ایکسرسائز مشینیں رکھی ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ کپڑوں، جیولری اور کاسمیٹکس پر بھی وہ دل کھول کر پیسہ خرچ کرتی ہیں۔

ایک بار کا استعمال کیا جانے والا لباس وہ دوبارہ استعمال نہیں کرتیں۔ اس کے علاوہ انہیں جوتے یا شوز خریدنے اور جمع کرنے کا شوق ہے۔ دنیا بھر سے وہ مختلف برانڈ کے نت نئے ڈیزائن کے جوتے خریدتی رہتی ہیں، جن کبھی وہ بیرون ممالک جاتی ہیں تو شاپنگ کے دوران کچھ اور خریدیں یا نہ خریدیں جوتے ضرور لیتی ہیں۔ اس وقت کرینہ کے پاس دنیا کے ہر برانڈ کے تقریباً ایک ہزار سے زاید جوتوں کی اقسام ہیں، جن میں کم و بیش ہر جوتے کی قیمت ہزاروں میں نہیں بل کہ لاکھوں میں ہے۔

ودیا بالن: بہت جلد فلموں میں اپنی اچھی اداکاری اور بے باکی سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ودیا بالن شادی کے بعد کم کم فلموں میں کام کر رہی ہیں۔ اس کی وجہ ان کی مانگ میں کمی ہونا نہیں بلکہ وہ خود ہی اب کم اور منتخب کام کرنا چاہتی ہیں۔ دویا بالن اس وقت ایک فلم کا معاوضہ 30کروڑ لے رہی ہیں۔ ودیا اداکارہ ریکھا سے بت حد متاثر ہیں اور ان ہی کی طرح کے انداز اپنانے کی کوشش بھی کرتی ہیں۔

ودیا بالن کو بھی ریکھا کی طرح ساڑھی پہننا پسند ہے۔ اس لیے وہ ہر قسم کے فنکشن میں صرف ساڑھی ہی پہنتی ہیں۔ اس ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ودیا کو ساڑھیاں ویسے بھی پسند ہیں اور دنیا میں جہاں کہیں بھی شاپنگ کے لیے جاتی ہیں۔ ساڑھی خریدنا ان کی اولین ترجیح ہوتی ہے۔ اس وقت ان کے پاس مختلف روایتی انڈین اسٹائل کی کم از کم ایک ہزار سے زاید قسم کی ساڑھیاں موجود ہیں جنہیں خریدنے میں دل کھو کر پیسہ خرچ کرنے میں کبھی کنجوسی نہیں دکھاتیں۔

پریا نکا چوپڑہ: بہت کم عرصے میں بہت زیادہ کام یاب فلمیں دینے والی اداکارہ پر یانکا چوپڑہ جنہوں نے گلوکاری کے میدان مین بھی خود منوایا ہے۔ ان کا شمار اس وقت بولی وڈ کی ٹاپ فائیو اور منہگی ترین اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے۔ پریانکا اس وقت ایک فلم کا معاوضہ 54کروڑ لے رہی ہیں اور اپنا پیسہ بڑی فیاضی سے وہ اپنے اوپر خرچ کرتی ہیں۔ پریانکا کا شوق جوتے ہیں اور کرینہ کی طرح انہیں بھی جوتے جمع کرنے کا ازحد شوق ہے۔ ایک بار کا پہنا ہوا جوتا وہ دوبارہ استعمال نہیں کرتیں۔ ان کے پاس دنیا کی تقریباً ہر برانڈ کے جوتے موجود ہیں، جن کی تعداد آٹھ سو سے زیادہ ہی ہے ایک دل چسپ بات یہ ہے کہ پریانکا کے پاس سنڈریلا اسٹائل سیلپرز بھی ہیں جن کی مالیت لاکھوں میں ہے۔

سونم کپور: بولی وڈ اور انڈین فیشن انڈسٹری اور انٹرنیشنل سطح پر بہت کم عمری میں فیشن آئی کون کا خطاب پانے والی سونم کپور اپنی کسی بھی چیز کے معاملے میں کمپرومائز کرنے کو تیار نہیں ہوتی۔ سونم کے پاس کام یاب فلموں کی تعداد تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے، لیکن اس کی شہرت اور مقبولیت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔ اس کی وجہ اداکاری سے ہٹ کر ان کا فیشن رحجان ہے۔

سونم کا فلمی معاوضہ دس سے بارہ کروڑ ہے اور اسے وہ اپنے اوپر ہی خرچ کرنا پسند کرتی ہیں۔ ان کا سب سے منہگا شوق ڈائمنڈ خریدنا ہے۔ جیولری میں انہیں ہر چیز صرف ڈائمنڈ ہی کی پسند ہے اور وہ خواہ کتنا ہی منہگا کیوں نہ ہو اگر سونم کپور کو پسند آگیا ہے تو وہ اسے ضرور خریدتی ہیں۔ ان کا دوسرا شوق ہینڈز بیگ کا ہے اور وہ دنیا بھر سے مختلف برانڈ کے جدید ہینڈ بیگ خریدنا پسند کرتی ہیں۔ سونم کے پاس اس وقت تقریباً ایک ہزار سے زاید اقسام کے مختلف برانڈ کے ہینڈز بیگ ہیں۔

رنویر سنگھ: رنویر فلم انڈسٹری کے نئے اداکار ہیں جو بڑی تیزی سے اپنا فلمی سفر طے کر رہے ہیں۔ رنویر اس وقت ایک فلم کا معاوضہ پندرہ کروڑ لے رہے ہیں۔ سونم کی طرح رنویر کو بھی فیشن آئی کون کہا جاتا ہے۔ اس لیے وہ اپنے پیسہ خرچ کرنا میں کنجوسی نہیں دکھاتے۔ رنویر کو جوتے اور ہیٹ جمع کرنے کا بے حد شوق ہے اور وہ دنیا بھر سے اپنے لیے مختلف برانڈ کے جوتے اور ہیٹ خریدتے ہیں۔ اس وقت رنویر کے پاس سو سے زاید مختلف اقسام کے ہیٹ اور دوسو زیادہ قسم کے برانڈڈ جوتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں