کراچی میں فائرنگ سے ڈی ایس پی ذوالفقارزیدی محافظ سمیت جاں بحق

وزیراعظم نوازشریف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے


ویب ڈیسک May 09, 2015
2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 دہشت گردوں نے ڈی ایس پی کو ہوٹل پر نشانہ بنایا، فوٹو: محمد نعمان/ایکسپریس

شہر میں پولیس افسران کے قتل کی وارداتیں زور پکڑتی جارہی ہیں جہاں گزشتہ چند دنوں میں ایک اور پولیس افسر ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی قاتلوں کا نشانہ بن گئے جو شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ کے نتیجے میں محافظ سمیت جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں فائرنگ سے ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی اور ان کا محافظ شعیب جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی شاہ فیصل کالونی میں ایک ہوٹل پر بیٹھے تھے جہاں 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 دہشت گردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ذوالفقار زیدی اور ان کا گن مین شعیب موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایس ایس پی کورنگی جنید شیخ کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 16 خول ملے ہیں اور ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کو 6 گولیاں لگیں جب کہ ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ مقتول پولیس افسر کےدوست کے مطابق انہیں قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔

پولیس کے مطابق ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی سندھ ہائی کورٹ کے سیکیورٹی انچارج اورشاہ فیصل کالونی کے رہائشی تھے۔ ڈی ایس پی کے قتل کے بعد آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو جائے وقوعہ پر پہنچے اور واقعہ سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

وزیراعظم نوازشریف نے پولیس افسر کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعظم نوازشریف نے پولیس کا مورال بلند کرنے پر زور دیا ہے جب کہ سندھ حکومت کو سکیورٹی اقدامات بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے بھی ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ رجسٹرار ہائی کورٹ کے مطابق ذوالفقار زیدی سندھ ہائی کورٹ کے سکیورٹی انچارج تھے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس فیصل عرب نے آئی جی سندھ کو آج ابتدائی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے جب کہ گورنر سندھ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ شہر میں آج قاتلوں نے ایک ڈاکٹر کو بھی نشانہ بنایا جہاں پاپوش میں ہومیو ڈاکٹر علی عابدی کو کلینک میں گھس کر قتل کردیا گیا جب کہ گزشتہ دنوں ڈی ایس پی عبدالفتح سانگری کو بھی دہشت گردوں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں