شہریارامیدوں کے چراغ روشن کرنے کولکتہ پہنچ گئے

دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی کرکٹ کے احیا پر بات چیت کرنا ہے


Sports Desk May 10, 2015
پاکستان اور بھارت نے آخری باہمی سیریز 2012-13 میں کھیلی تھی جب گرین شرٹس تین ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے بھارت پہنچے تھے۔ فوٹو: فائل

چیئرمین پی سی بی شہریار خان امیدوں کے نئے چراغ روشن کرنے کیلیے ہفتے کو پھر بھارت پہنچ گئے ، وہ بی سی سی آئی کے صدر جگموہن ڈالمیا کودسمبر میں نیوٹرل وینیو پر سیریز کھیلنے کے وعدے کی یاددہانی کرائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان ہفتے کو کولکتہ پہنچ گئے ، اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی کرکٹ کے احیا پر بات چیت کرنا ہے، وہ بی سی سی آئی کے صدر جگموہن ڈالمیا سے ملاقات میں نیوٹرل وینیو پر سیریز کی تجویز پھر سے پیش کریں گے۔ گذشتہ دنوں شہریار خان نے کہا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ بھارتی بورڈ بھی ہمارے ساتھ سیریز کے لیے تیار ہے، اب سب چیزیں ان کی حکومت کے ہاتھ میں ہیں۔

شہریار کی جانب سے ڈالمیا کے ساتھ اہم حکومتی آفیشلز سے بھی ملاقات کرکے یو اے ای میں سیریز کیلیے کلیئرنس حاصل کرنے کی کوششوں کا بھی امکان ہے، وہ ڈھاکا سے کولکتہ پہنچے۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے بھارتی آفیشلز اور ڈالمیا سے بات چیت کرنا انتہائی ضروری ہے، ہمیں امید ہے کہ وہ دونوں بورڈز کے درمیان دسمبر میں سیریز کے حوالے سے ہونے والی مفاہمت کی یادداشت کی پاسداری کریں گے۔

یاد رہے کہ شہریار خان نے ڈالمیاکے بی سی سی آئی کا صدر بننے کے فوری بعد بھی بھارت کا دورہ کیا تھا مگر ان سے ملاقات نہیں ہوسکی تھی، البتہ بورڈ کے نئے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر سے مل کر ان سے دونوں ممالک کے درمیان سیریز کے حوالے سے بات چیت کا دعویٰ کیا تھا۔ پاکستان اور بھارت نے آخری باہمی سیریز 2012-13 میں کھیلی تھی جب گرین شرٹس تین ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے بھارت پہنچے تھے، وہ ایک روزہ سیریز 2-1 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے جبکہ ٹوئنٹی 20 سیریز1-1 سے برابر رہی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں