چار ملکی ہاکی میں پاکستان کی کوریا پر فتح

ایونٹ میں یہ گرین شرٹس کی حریف ٹیم کے خلاف دوسری فتح ہے۔


Sports Reporter May 10, 2015
ایونٹ میں یہ گرین شرٹس کی حریف ٹیم کے خلاف دوسری فتح ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں محمد دلبر نے آخری منٹ میں گول کر کے پاکستان کو جنوبی کوریا پر فتح دلا دی، سنسنی خیز میچ کا اختتام 5-4 سے ہوا، فاتح ٹیم کی طرف سے محمد عرفان نے 2 بار گیند کو جال میں پھینکا جبکہ رضوان علی اور محمد وقاص نے بھی ایک ایک گول کیا۔

دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے زیر کر کے ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ برقرار رکھا۔ گرین شرٹس آخری میچ اتوار کو آسٹریلیا کیخلاف کھیلیں گے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق آسٹریلوی شہر ہوبارٹ میں جاری 4 ملکی ٹورنامنٹ آخری مراحل میں داخل ہو گیا،گذشتہ روز بھی 2 میچز کا فیصلہ ہوا، پہلے میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے میں 5-4سے شکست دی۔ یاد رہے کہ ایونٹ میں یہ گرین شرٹس کی حریف ٹیم کے خلاف دوسری فتح ہے۔

اس سے قبل4-1سے زیر کیا تھا۔ میچ کے تیسرے کوارٹر میں کوریا کو پاکستان کیخلاف3-1 سے برتری حاصل تھی تاہم کھیل کے آخری6 منٹ میں قومی پلیئرز نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، 60 منٹ میں محمد دلبر نے فیصلہ کن گول کر کے فتح پاکستانی ٹیم کی جھولی میں ڈالی، قبل ازیں آغاز سے ہی گرین شرٹس نے جارحانہ انداز اپنایا اور رضوان علی کے ذریعے سبقت بھی حاصل کر لی، پہلے کوارٹر میں کورین ٹیم کو میچ برابر کرنے کے مواقع میسر آئے لیکن فاورڈز ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے، یوں اسکور1-0 رہا۔

دوسرے کوارٹر میں کوریا کی ٹیم انتہائی خطرناک روپ میں نظر آئی اور اس نے وقفے وقفے سے حریف گول پوسٹ پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا، اس سے پاکستانی کھلاڑی دباؤ کا شکار ہو گئے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوریا نے2گول کردیے ۔

دوسرے کوارٹرکے اختتام پر کوریا کو ایک کے مقابلے میں 2 گول کی برتری حاصل تھی۔ تیسرے کوارٹرکے آغاز میں ہی کوریا نے ایک اور گول کر کے اسکور3-1 کر دیا۔ اس نازک صورتحال کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے نئے گول کیپر امجد کو بلا کر گول کیپنگ کی اہم ذمہ داری عمران بٹ کے سپرد کی، انھوں نے اپنے تجربے کا بھر پور استعمال کیا اور حریف ٹیم کے بیشتر حملوں کو ناکام بنا دیا۔

عمران بٹ کے آنے سے پاکستانی ٹیم کی دفاعی لائن خاصی مستحکم ہو گئی جس کے بعدفاروڈز نے اپنی بھر پور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، عرفان نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے سکور 2-3کر دیا۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام پر کوریا کو پاکستان پر 2 کے مقابلے میں 3گول کی سبقت حاصل تھی۔ چوتھے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے نہایت عمدہ کھیل پیش کیا اور نہ صرف مقابلے کو برابر کیا بلکہ آخری لمحات میں گیند کو جال میں پھینک کا میچ اپنے نام کرلیا۔

15 منٹ کے اس کھیل میں دونوں اطراف سے 4 گول ہوئے۔ آغاز میں ہی محمد وقاص نے گول کر کے مقابلہ 3-3 سے برابر کر دیا تاہم اگلے ہی منٹ میں کوریا نے گیند کو جال میں پھینک کر ایک بار پھر ایک گول کی برتری حاصل کر لی۔ 54ویں منٹ میں محمد عرفان نے پنالٹی کارنر پر انفرادی طور پردوسرا اور مجموعی طور پر چوتھا گول کر کے مقابلہ 4-4سے برابر کر دیا۔

آخری منٹ میں محمد دلبر نے گیند کو جال میں پھینک کر گرین شرٹس کو پانچ میچز میں دوسری کامیابی دلادی، ٹیم چار ملکی ٹورنامنٹ کا آخری میچ اتوار کو آسٹریلیا کیخلاف کھیلے گی۔ گذشتہ روز دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے زیر کر کے ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ برقرار رکھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔