ڈنمارک کے مرد اول برطانیہ کے رکن پارلیمنٹ بن گئے

برطانیہ میں لیبر پارٹی کی شکست کے باوجود اپنے شوہر کی جیت پر خوش ہوں، ڈنمارک کی وزیر اعظم ہیلی تھورنگ شمٹ


ویب ڈیسک May 10, 2015
اسٹیفن کینک اور ہیلی تھورنگ شمٹ ک 2 بیٹیاں بھی ہیں۔ فوٹو: فائل

وطن عزیز میں ایک ہی خاندان کے کئی افراد کا مختلف سیاسی جماعتوں کی ٹکٹ پر رکن پارلیمنٹ منتخب ہونا کوئی بڑی بات نہیں لیکن ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ بیوی کسی ملک کی سیاسی رہنما ہو اور اس کا شوہر دوسرے ملک کا، یہ کوئی فلمی سین نہیں بلکہ ہم بات کر رہے ہیں ڈنمارک کی جس کی وزیر اعظم ہیلی تھورنگ شمٹ ہیں اور ان کے شوہر اسٹیفن کنیک برطانوی رکن پارلیمنٹ ہیں۔

عرب ویب سائٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ڈنمارک کی وزیر اعظم ہیلی تھورنگ شمٹ کے شوہر یعنی ڈنمارک کے مرد اول اسٹیفن کنیک ناصرف برطانوی شہری ہیں بلکہ وہ برطانیہ کی سیاست میں عملی طور پر حصہ لیتے ہیں اور چند روز قبل لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر دارالعوام کے رکن بھی منتخب ہوئے ہیں۔ اس طرح برطانیہ میں اسٹیفن کو حزب اختلاف کے رہنما جب کہ اپنی بیگم کے دیس میں وہ مرد اول کے حکومتی پروٹوکول کے حقدار ہیں۔

اپنے ایک انٹرویو کے دوران ڈنمارک کی وزیر اعظم ہیلی تھورنگ شمٹ کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں لیبر پارٹی کی شکست کے باوجود ان کے شوہر جیت گئے ہیں، انہوں نے اپنے شوہر کی جیت کے لئے جتنی محنت کی تھی اس کا پھل ہمیں مل گیا ہے جس پر وہ بہت خوش ہیں۔ ہم دونوں ایک عرصے سے لندن اور کوپن ہیگن کے درمیان چکر کاٹ رہے ہیں، اس لئے کنیک کی نئی ذمہ داریوں سے ہمارے معمولات میں زیادہ فرق نہیں آئے گا اور معاملات برطریق احسن چلتے رہیں گے تاہم اب وہ رکن پارلیمنٹ بھی ہیں اس لئے سیاست پر بھی بات ہوگی۔

واضح رہے اسٹیفن کینک اور ہیلی تھورنگ شمٹ کے درمیان 1993 میں بیلجئیم میں دوران دوستی ہوئی اور پھر دونوں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے اور اب اس جوڑے کی 2 بیٹیاں بھی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔