بنگلہ دیش میں پہلی فتح

پاکستان نے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں شکست دے کر ایک صفر سے سیریز جیت لی۔


Editorial May 11, 2015
پاکستان کے اسٹیڈیمز میں کرکٹ ہو۔دنیا کی بڑی ٹیمیں پاکستان آ کر میچ کھیلیں ۔اس طریقے سے پاکستانی کھلاڑیوں کا معیار بہتر ہو گا۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI: پاکستان نے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں شکست دے کر ایک صفر سے سیریز جیت لی۔ اس ٹیسٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیشی ٹیم کو آؤٹ کلاس کر دیا۔ پہلا ٹیسٹ ڈرا رہا تھا۔ پاکستان کا پہلے ٹیسٹ میں بھی پلڑا بھاری تھا لیکن وہ یہ میچ جیت نہ سکا۔پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں 328 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی اپنے نام کی۔لیگ سپن باؤلر یاسر شاہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 7وکٹیں حاصل کیں،دیگر باؤلر جن میں وہاب ریاض' عمران خان اور محمد حفیظ شامل ہیں انھوں نے بھی اچھی باؤلنگ کی، اظہرعلی کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف 10 ٹیسٹ میچز میں یہ نویں فتح ہے، حالیہ سیریز کا کھلنا میں کھیلا گیا پہلا میچ ڈرا ہوگیا تھا، پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے دورہ بنگلہ دیش زیادہ خوشگوار ثابت نہیں ہوا۔

پاکستانی ٹیم دورہ بنگلہ دیش میں پریکٹس میچ کے بعد ون ڈے سیریز میں 3-0 سے کلین سوئپ کی خفت سے دوچار ہوئی،بعد ازاںواحد ٹوئنٹی 20میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،5 شکستوں کے بعد اختتامی میچ میں کامیابی سے مہمان ٹیم کو کچھ غم کم کرنے کا موقع ملا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کو دورہ بنگلہ دیش میں ناکامیوں کا تجزیہ کرنا چاہیے اور انھیں دور کرکے مستقبل کے لیے اچھی ٹیم تیار کرنی چاہیے۔ پاکستانی کھلاڑی ٹیلنٹ سے بھرپور ہیں، ضرورت یہ ہے کہ ان کی خامیوں پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور اہل کھلاڑیوں کو موقع دیا جانا چاہیے تاکہ پاکستان کرکٹ میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکے۔دورہ بنگلہ دیش کے ون ڈے میچوں میں اگر لیگ سپنر یاسر شاہ کو چانس دیا جاتا تو صورت حال مختلف ہو سکتی تھی ۔بہر حال اس وقت پاکستان کو سب سے زیادہ ضرورت یہ ہے کہ پاکستان کے اسٹیڈیمز میں کرکٹ ہو۔دنیا کی بڑی ٹیمیں پاکستان آ کر میچ کھیلیں ۔اس طریقے سے پاکستانی کھلاڑیوں کا معیار بہتر ہو گا ورنہ بیرون ملک سیریز کھیلنے سے کرکٹ کے زوال پر قابو پانا مشکل ہو گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں