’ایمپلائز آف دی ایئر ایوارڈز 2014‘ کا انعقاد 9 ستمبر کو ہوگا

ایوارڈ یافتہ افراد صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر خطے کی خوشحالی کا باعث بنیں گے، صدر ای ایف پی


Business Reporter May 11, 2015
ایوارڈ یافتہ افراد صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر خطے کی خوشحالی کا باعث بنیں گے، صدر ای ایف پی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: متعدد قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور پاکستان میں بہترین مواقع فراہم کرنے کے اعتراف کے سلسلے میں ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) کے تحت ''ایمپلائز آف دی ایئر ایوارڈز 2014'' کا انعقاد9 ستمبر2015 کو کیا جائے گا۔ اس بات کا اعلان ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر خواجہ ایم نعمان نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر نائب صدر زکی احمد خان بھی موجود تھے۔خواجہ ایم نعمان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکیں۔ ان کا کہنا تھاکہ جو ادارے ملک میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیںانکی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید تقویت فراہم کرنے اور انٹرپرینیورز پاکستان میں ورک فورس بڑھانے میں یہ ایوارڈز اہم کردار ادا کرے گا۔خواجہ ایم نعمان نے کہاکہ ہمارا ملک ہرقسم کے وسائل سے مالا مال اور بہترین جغرافیے کا حامل ہے اور یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا کی نظریں پاکستان کی جانب ہیں۔

کوریا، جاپان، اور یورپین یونین سے بہتر تعلقات ہونے کے باوجود صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی دوطرفہ تعلقات اور تجارت میں اضافہ نہیں ہونے دیتی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک کو غربت اور بے روزگاری کا سامنا ہے جس سے معاشرہ عدم استحکام کا شکار ہورہا ہے جس کے خاتمے کے لیے نئی پالیسیاں تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔انھوں نے صنعت کاروں پر زور دیا کہ ملک سے بے روزگاری کے خاتمے کے لیے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاریں کریں۔ انھوں نے کہاکہ ایوارڈ حاصل کرنے والے افراد اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خطے میں خوشحالی کا باعث بنیں گے اور امید ہے کہ ٹریننگ اور اسکل ڈیولپمنٹ یہ سلسلہ آگے بڑھانے میں معاون بنیں گے۔

ایوارڈ کی جیوری میںمحمد علی جناح یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر عبدل وہاب، LUMS کے چیف فائننس آفیسر منصور خلیل اور فاطمہ جناح یونیورسٹی کی چیئر پرسن ڈاکٹر مسرت انور شیخ شامل ہیں۔ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان اپنی وسعت میں رہتے ہوئے قوم اور اپنے فیڈریشن کے ممبران کی خدمت میں مصروف عمل ہے، ایمپلائز آف دی ایئر ایوارڈ کمپٹیشن اس سلسلے کی اہم کڑی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ فیڈریشن گزشتہ دس سالوں سے مسلسل پیشہ ورانہ خدمات، صحت اور ماحولیات کے شعبے میں صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے خصوصی ٹریننگ اور ایوارڈ ددینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ TVET کے ریفارمز سپورٹ پروگرام جو کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اور GIZ کے اشتراک سے جاری ہے جس میں نوکری پیشہ افراد کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے مصروف عمل ہے اس پروگرام کے ذریعے پیشہ ور افراد کو مارکیٹ کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے خصوصی ٹریننگ دی جاتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں