تمام فل آئی سی سی ممبرز نے ڈومیسٹک اینٹی کرپشن کوڈ اپنالیا

10 بڑے کرکٹ ممالک نے اینٹی ڈوپنگ کوڈ پر عملدرآمد سے کونسل کو آگاہ کردیا

ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں انیل کمبلے کوکرکٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا. فوٹو: فائل

آئی سی سی کے تمام فل ممبران نے ڈومیسٹک اینٹی کرپشن کوڈ اپنالیا، 10 بڑے کرکٹ ممالک نے اینٹی ڈوپنگ کوڈ پر عملدرآمد سے بھی کونسل کو آگاہ کردیا۔


ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں سابق بھارتی ٹیسٹ کپتان انیل کمبلے کو کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین مقررکردیا گیا، ویسٹ انڈیز کیلیے30 لاکھ ڈالر کی خصوصی گرانٹ جاری کردی گئی، تفصیلات کے مطابق کولمبو میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ختم ہوگیا، اس میں تمام 10 فل ممبران نے آئی سی سی کو آگاہ کیا کہ انھوں نے اینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ کوڈ کو اپنا لیا ہے، ایگزیکٹیو بورڈ نے متفقہ طور پر انیل کمبلے کو آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کرنے کی بھی منظوری دی، وہ سابق ویسٹ انڈین کپتان کلائیو لائیڈ کی جگہ لیں گے۔

اسی کمیٹی میں ای ین بشپ کی جگہ سابق کھلاڑیوں کے نمائندے کے طور پر حال ہی میں ریٹائر ہونیوالے انگلش ٹیسٹ قائد اینڈریو اسٹروس کو بھی شامل کیا گیا، بشپ نے ذمہ داری کی مدت میں اضافہ لینے سے معذرت کرلی تھی ۔ آئی سی سی نے اپنے خصوصی فنڈ 'ٹارگٹڈ اسسٹنس اینڈ پرفارمنس پروگرام' سے ویسٹ انڈیز کو 30 ملین ڈالر جاری کرنے کی منظوری دی، یہ فنڈ نچلے درجے کے فل ممبران اور اعلیٰ درجے کی ایسوسی ایٹس و ایفیلیٹ ٹیموں کا معیار بہتر بنانے کیلیے مختص کیا گیا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز نے حال ہی میں ٹاپ ٹیموں کو پچھاڑتے ہوئے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جیتا تھا، ایگزیکٹیو بورڈ نے نیدر لینڈ اور زمبابوے کو بھی 15، 15 لاکھ ڈالر دینے کی منظوری دیدی،کینیڈا کو آئندہ برس دوبارہ درخواست دینے کو کہا گیاہے۔
Load Next Story