بھاپ ۔ ۔ ۔ بیماریوں سے نجات کے ساتھ ساتھ حُسن کے لیے بھی مفید

بھاپ کوچہرے کی تازگی، نکھار اور قدرتی کشش کو برقرار رکھنے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے

بھاپ لینے کے عمل سے چہرے پر موجود داغ دھبے بھی فوری طور پر ختم ہو جاتے ہیں۔ ۔ فوٹو: فائل

بھاپ کے ذریعے نہ صرف مختلف بیماریوں سے نجات حاصل کی جاتی ہے، بلکہ یہ طریقہ کار چہرے کی تازگی، نکھار اور قدرتی کشش کو برقرار رکھنے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔

زمانہ قدیم میں یونان اور روم کی خواتین اپنی خوب صورتی کو برقرار رکھنے کے لیے باقاعدگی سے پورے جسم پر بھاپ لیا کرتی تھیں۔ یہ قدرتی خوب صورتی قائم رکھنے کا ایک انتہائی سستا طریقہ ہے۔ اس کے لیے پارلر کو بھاری فیس دینے کی بھی ضرورت نہیں، بلکہ یہ عمل گھر میں صرف ایک پیالے اور تولیے کی مدد سے بھی انجام دیا جا سکتا ہے۔ اس سے چہرے کے بند مسام کھل جاتے ہیں۔ ان میں موجود سفید اور سیاہ کیل نرم ہو جاتے ہیں اور ساتھ ہی گرد وغبار اور دھول مٹی کا بھی صفایا ہو جاتا ہے۔

بھاپ لینے کے عمل سے چہرے پر موجود داغ دھبے بھی فوری طور پر ختم ہو جاتے ہیں۔ بھاپ کا عمل جلد کی تمام اقسام کے لیے موزوں خیال کیا جاتا ہے۔ ہفتے میں ایک بار بھاپ لینا بھی کافی سمجھا جاتا ہے، البتہ چکنی جلد والی خواتین اس عمل کو ہفتے میں دو بار بھی کر سکتی ہیں۔ فیشل اسٹیم کے ذریعے جلد کے مساموں کی صفائی ہوتی ہے۔ چہرے کی یہ صفائی عام طور پر نارمل فیس واش یا کلینزنگ کے ذریعے ممکن نہیں ہو پاتی۔ اس لیے ماہرین بیوٹی فیشل کے ہفتے واری پروگرام کے ترجیح دیتے ہیں۔ چہرے پر انوکھی چمک اور تازگی کا احسا س ہونے لگتا ہے۔

بھاپ لینے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے آپ اپنے بالوں کو اچھی طر ح باندھ لیں۔ اس کے بعد کسی اچھے کلینزر سے چہرے کا مساج کریں۔ یاد رکھیں کہ مساج کے دوران آپ کی انگلیاں چہرے پر دائرے کے انداز میں حرکت کرنی چاہئیں۔ چہرے کی جلد سے گندگی اور گرد وغبار کی صفائی کر لیں، تو زیادہ اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔

مساج کے بعد ایک پیالے میں پانی اُبال لیں۔ چہرے کی بھاپ کے لیے پانی کا درجہ حرارت 110 ڈگری بہترین خیال کیا جاتا ہے۔

اس پانی میں اپنی اسکن ٹون کے مطابق ہربل اشیا بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر تلسی کے پتے، نیم، پودینہ یا لیموں کے پتے وغیرہ۔ اس کے علاوہ اپنے پسندیدہ تیل کے چند قطرے بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔

چہرے کا مساج کم از کم دس سے پندرہ منٹ تک جاری رکھیں۔

اب ابلتے ہوئے پانی کو کسی دوسرے پیالے میں ڈالیں اور ایک آرام دہ یا اونچی میز پر رکھ دیں۔ ایک موٹا اور بڑا تو لیہ لے کر اپنے سر اور چہرے کو اس پیالے کے اوپرذرا فاصلہ سے رکھ کر ڈھک لیں۔


کم از کم دس سے پندرہ منٹ تک بھاپ آپ کے چہرے تک پہنچنی چاہیے۔ اس دوران اگر آپ کو سانس لینے میں مشکل ہو رہی ہو یا آپ خود کو غیر آرام دہ محسوس کر رہی ہوں، تو ہر تھوڑی دیر کے بعد چہرے سے تولیہ ہٹا کر سانس لے سکتی ہیں۔ اس سے بھاپ لینے کا عمل متا ثر نہیں ہو گا۔

15 منٹ کے بعد اسٹیم لینے کے عمل کو ترک کر دیں اور چہرے پر کوئی اچھا فیس پیک ماسک لگالیں۔ اگر آپ کے پاس فیس پیک لگانے کا ٹائم نہیں ہے، تو آپ اس کے بہ جائے صرف آئس کیوبز سے اپنے چہرے کا ہلکے ہلکے مساج کریں۔ اس سے جلد کا درجہ حرارت معمول پر آجائے گا۔

مہینے میں ایک سے دو بار بھی بھاپ لینا ضروری ہے، لیکن اس کا دورانیہ 10سے 15 منٹ سے ذیادہ نہیں ہونا چاہیے۔

اسٹیم کی زیادتی چہرے کو شدید نقصان دیتی ہے۔ اس سے نہ صرف جلد کی قدرتی ٹون تباہ ہو سکتی ہے، بلکہ چہرے پر قبل از وقت جھریاں بھی پڑ نے کا خد شہ رہتا ہے۔

بھاپ لیتے ہوئے اپنی جلد کی خصوصیات کو بھی ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔ دانوں اور ایکنی والی جلد کی حامل خواتین کو اسٹیم لینے میں احتیاط برتنی چاہیے، کیوں کہ گرمیوں کے موسم میں ایسی جلد کو خاصی مشکلات کا سا مناہوتا ہے، ایسی جلد کے لیے گھر میں اسٹیم کا عمل کرنے کے لیے مندرجہ ذیل طریقے کو اپنایا جا سکتا ہے۔ اس طریقہ کو ہفتے میں ایک بار استعمال کریں، لیکن اگر چہرے پر دانے بہت زیادہ ہوں تو پھر ایک ہفتے میں دو بار بھی یہ اسٹیم لی جا سکتی ہے۔ اس کے لیے ایک لیٹر سادہ پانی کو کھلے برتن میں ابال لیں۔ اب اس میں ایک چائے کا چمچا ہلدی، تین سے چار ٹکڑے دار چینی اور ایک کھانے کا چمچا گرین ٹی کے پتے شامل کر لیں اور چولھا بند کر دیں۔ اب اس پانی سے چہرے پر بھاپ لیں۔

گرین ٹی کے پتے جلد کو تازہ کر دیں گے۔ دھوپ کی تمازت سے جھلسی ہوئی جلد پر اس کے ذریعے سے نکھا ر پیدا ہوگا۔ ہلدی میں قدرتی طور پر موجود سلفر ہماری جلد کو ہر قسم کے انفیکشن سے دور کرتی ہے، جس سے چہرے پر موجود دانے ختم ہونے میں مدد ملتی ہے، جب کہ دار چینی سے جلد کی الرجی دور ہوتی ہے۔

خشک جلد کے لیے بھاپ کے پانی میں Red Clover، یاسمین کے پھول یا چند قطرے لیونڈر آئل شامل کر لیں اور اس پانی سے کم از کم آٹھ سے دس منٹ تک بھاپ لیں۔ یہ پانی ایک اچھا موئسچرائزر بن جائے گا اور جلد نرم اور ہم وار ہو جائے گی۔

چکنی جلد والی خواتین اسٹیم لینے کے پانی میں لیموں کے چند قطرے، گرین ٹی کے چند پتے، باسل یا پھر روزمیری پھول کے چند پتے شامل کر کے پھر بھاپ لیں۔

حساس جلد کی حامل خواتین اسٹیم لیتے وقت پیالے سے چہرے تک کا فاصلہ عام طریقہ سے زیادہ ہی رکھیں تو بہتر ہوگا اور دو سے تین منٹ سے زیادہ بھاپ نہ لیں۔ حساس جلد کے لیے بھاپ لینے والی خواتین اس پانی میں عرق گلاب، گرین ٹی کے پتے یا Essential آئل کے قطرے شامل کر سکتی ہیں۔
Load Next Story