سری لنکا پریمیئر لیگ پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا

انڈیا ٹی وی کے اسٹنگ آپریشن میں منیجنگ پارٹنر کمپنی کے چیئرمین کو مشکوک اسپانسر شپ ڈیل کرتے ہوئے دکھایا گیا.


Sports Desk October 12, 2012
انڈیا ٹی وی کے اسٹنگ آپریشن میں منیجنگ پارٹنر کمپنی کے چیئرمین کو مشکوک اسپانسر شپ ڈیل کرتے ہوئے دکھایا گیا. فوٹو فائل

مبینہ امپائرز کرپشن بے نقاب ہونے کے ساتھ سری لنکا پریمیئر لیگ پر بھی پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا۔

انڈیا ٹی وی کے اسٹنگ آپریشن میں ایس ایل پی ایل کی منیجنگ پارٹنر سمرسٹ کے چیئرمین کو مشکوک اسپانسر شپ ڈیل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، سندیپ بھامیر نے کمپنی کے نمائندے کی حیثیت سے فون کرنے والے خفیہ رپورٹر سے ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر کی رقم 'بلیک ' کی صورت میں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، ان کے خود ایک فرنچائز کے مالک ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ دوسری جانب سندیپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے اسپانسرشپ ڈیل کیلیے بات کرکے کچھ غلط نہیں کیا، انھوں نے کہا جب مجھے شک ہوا تو تمام باتوں سے سری لنکا کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق انڈیا ٹی وی کے اسٹنگ آپریشن نے جہاں تین ممالک کے 6 امپائرز پر بجلی گرائی وہیں اس کی تباہ کاری سے سری لنکا پریمیئر لیگ بھی محفوظ نہیں رہی۔ ایس ایل پی ایل کے انتظامی امور سمرسٹ انٹرٹینمنٹ کے پاس ہیں۔

جس کے چیئرمین سندیپ بھامیر کی پوزیشن بھی خاصی مشکوک ہوگئی ہے، آئی سی سی کی جانب سے معاملے کی تحقیقات شروع ہوچکی ہیں، اگر سندیپ پر مشکوک اسپانسر شپ ڈیل کا الزام درست ثابت ہوجاتا ہے تو سری لنکا پریمیئر لیگ پر پابندی بھی لگ سکتی ہے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اکثر فرنچائزز کے مالکان کا تعلق بھارت سے ہے اور انھوں نے اپنا کالا دھن سفید کرنے کیلیے سری لنکن لیگ میں سرمایہ کاری کی، ان باتوں کو اس بات سے تقویت ملتی ہے کہ پہلے ایڈیشن میں کوئی بھی ٹیم منافع حاصل نہیں کرپائی۔ دوسری جانب سندیپ نے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ میں نے اس شخص سے اسپانسرشپ فروخت کرنے کی کوشش کی، ایک فرنچائز کا مالک ہونے کی حیثیت سے مجھے اس کا اختیار حاصل ہے، انھوں نے واضح کیا کہ جب اس شخص نے مجھے کیش رقم دینے کی پیشکش کی تو میں معاملہ سری لنکا بورڈ کے نوٹس میں لے آیا۔

وہ اپنے الفاظ میرے منہ میں ٹھونسنے کی کوشش کررہا تھا اور بار بار رقم بلیک میں دینے کا پوچھتا رہا، اس قسم کے سوالات سے میں چوکنا ہوگیا کہ دال میں کچھ کالا ہے مگر میں بھی اصل بات کی تہہ میں پہنچنے کیلیے اس کے ساتھ کھیلتا رہا، اسی روز ایس ایل سی کو تمام معاملے سے آگاہ کرنے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ میرا اس شخص کے ساتھ کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ واضح رہے کہ انڈیا ٹی وی کی جانب سے پیش کی جانے والی ریکارڈ میں سندیپ کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ان کو اپنی ٹیم کنڈوراتا واریئرز کیلیے ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر کی بطور اسپانسر شپ ضرورت ہے۔

وہ اس رقم کو کاغذوں پر ظاہر نہیں کریں گے، انھوں نے یہ رقم ممبئی میں ڈالرز کی صورت میں اپنے ایک آدمی کو دینے کو کہا، اس بارے میں سندیپ کا کہنا ہے کہ میں تو پوری لیگ کیلیے اسپانسرشپ حاصل کرنا چاہتا تھا اگر یہ ڈیل ہوتی توسب پارٹیز کو فائدہ ہوتا۔ کنڈوراتا کی ملکیت کے بارے میں انھوں نے کہا کہ میرا کسی بھی ٹیم کا مالک ہونا مفادات کا ٹکرائو ضرور مگر مجھے آخری وقتوں میں مجبوراً یہ ٹیم خریدنا پڑی،اس کے پہلے مالک سے رقم کا بندوبست نہیں ہوسکا تھا اب ہم اس فرنچائز کو فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں