کرپشن اسکینڈل سری لنکا کرکٹ کمیٹی نے تینوں امپائرز کو معطل کردیا

تنازع کا شکاربنگلہ دیشی امپائر عادل صفائیاں دینے کیلیے آج بھارت سے وطن پہنچیں گے.


Sports Desk October 12, 2012
تنازع کا شکاربنگلہ دیشی امپائر عادل صفائیاں دینے کیلیے آج بھارت سے وطن پہنچیں گے. فوٹو : فائل

سری لنکا کرکٹ کمیٹی نے کرپشن کی زد میں آنے والے اپنے تینوں آفیشلز کو معطل کردیا۔

چیئرمین اے آرایم عروس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک یہ امپائرز کھیل سے دور رہیں گے۔ ادھر بنگلہ دیشی امپائر عادل شاہ صفائیاں دینے جمعے کو بھارت سے وطن پہنچیں گے۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے میچ آفیشلز کو کرپشن کے خلاف تعلیم دینے سے صاف انکار کردیاہے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی امپائرز کمیٹی نے انڈیا ٹی وی کے اسٹنگ آپریشن کے دوران کرپشن الزامات کی زد میں آنے والے 6 امپائرز میں شامل اپنے تین آفیشلز گالگے، گامنی اور مورس کو آئی سی سی اور بورڈ کی جانب سے معطل کیے جانے کے فیصلے کی توثیق کردی۔

چیئرمین اے آرایم عروس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا نتیجہ سامنے آنے تک انھیں کوئی ذمہ داری نہیں دی جائے گی۔ ادھر بنگلہ دیشی امپائر عادل شاہ جمعے کو کولکتہ سے وطن واپس پہنچیں گے، انھوں نے کہا کہ گذشتہ چند دنوں کے دوران میں نے بہت کچھ سنا، میں فوری طور پر وطن واپس لوٹنا چاہتا تھا مگر جمعے کی فلائٹ ملی، میں واپس آتے ہی بی سی بی کو پورے معاملے سے آگاہ کروں گا۔ ادھر بھارتی کرکٹ بورڈ کی امپائرنگ کمیٹی کے چیئرمین نرنجن شاہ کا کہنا ہے کہ ہم کرپشن کے نقصانات کے حوالے سے امپائرز سے کوئی بات نہیں کریں گے،انھوںنے مختلف اخبارات میں شائع ہونے والی رپورٹس خود ہی پڑھ لی ہوںگی، اگر کسی امپائر کو پھنسانے کی کوشش کی جائے اور وہ بڑبولا بھی ہو تو اس کا مصیبت میں پڑنا یقینی ہے، میں نہیں سمجھتا کہ ہمیں اس معاملے پر اپنے امپائرز سے الگ سے کوئی بات چیت کرنے کی ضرورت ہے، ہر کوئی ذمہ دار شخص اور جہاں تک سوال میچ فکسنگ کا ہے انھیں اس قسم کی چیزوں میں نہیں پڑنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں