آئی فون پر فلم دیکھنے کا بِل 17500 ڈالر

مائک نے بل کی تفصیلات پر غور کیا تو معلوم ہوا کہ 17000 ڈالر انٹرنیشنل رومنگ کے چارجز تھے۔


غ۔ع May 12, 2015
ذرائع ابلاغ میں نشر و شائع ہونے کے بعد مائک اور اے ٹی اینڈ ٹی کے درمیان تنازع توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ فوٹو : فائل

آپ کے خیال میں اسمارٹ فون پر فلم دیکھنے پر کتنے پیسے خرچ ہوتے ہیں؟ یقینی طور پر آپ کا جواب زیادہ سے زیادہ چند سو روپے ہوگا۔ مگر امریکا میں ایک شخص کو آئی پیڈ کے ذریعے فلم سے لطف اندوز ہونے کا بل 17477 ڈالر موصول ہوگیا!

پچھلے دنوں مائک ڈوزاسکی اپنی بیوی اور بیٹے کے ساتھ براستہ سڑک کینیڈا جارہا تھا۔ اس کے 11 سالہ بیٹے کے پاس آئی پیڈ تھا۔ وقت گزاری کے لیے وہ آئی پیڈ پر فلم دیکھنے لگا۔ اس دوران وہ ایمبیسیڈر برج عبور کرکے کینیڈا کی حدود میں داخل ہوگئے۔ چند روز کے تفریحی دورے کے بعد مائک اور اس کے اہل خانہ وطن لوٹ آئے۔

مئی کے آغاز پر مائک کو اپنے پوسٹ پیڈ کنکشن کا بِل موصول ہوا۔ ساڑھے 17 ہزار ڈالر کا بل دیکھ کر اس کے چودہ طبق روشن ہوگئے۔ مائک نے بل کی تفصیلات پر غور کیا تو معلوم ہوا کہ 17000 ڈالر انٹرنیشنل رومنگ کے چارجز تھے۔ ابتدا میں مائک اسے کمپنی کی غلطی سمجھا، مگر جب اس نے متعلقہ کمپنی سے رابطہ کیا تو پتا چلا کہ بل درست ہے اور رومنگ چارجز کی وجہ سے بل کا حجم اتنا وسیع ہوگیا تھا۔

مائک کا کہنا ہے کہ امریکا کی حدود عبورکرتے ہی، ایمبیسیڈر برج پر سگنل نہ ہونے کی وجہ سے آئی فون پر انٹرنیٹ نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا، اس لیے رومنگ چارجز بل میں شامل کیے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تاہم موبائل فون سروس فراہم کرنے والی کمپنی نے مائک کا موقف مسترد کردیا۔ کمپنی کے مطابق فون پر کئی گھنٹے تک انٹرنیشنل رومنگ کی سہولت استعمال کی گئی۔ مائک کے مطابق بیٹے کا آئی پیڈ اس کے فون سے منسلک ہے جس پر انٹرنیشنل رومنگ کی سہولت موجود نہیں۔ قواعد کے مطابق کمپنی کو اسے مطلع کرنا چاہیے تھا کہ اس کنکشن پر رومنگ کی سہولت موجود نہیں ہے۔ اگر کمپنی اسے مطلع کرتی تو وہ آئی پیڈ کو اپنی بیوی کے کنکشن سے منسلک کرلیتا جس پر انٹرنیشنل رومنگ کی سہولت موجود ہے۔

ذرائع ابلاغ میں نشر و شائع ہونے کے بعد مائک اور اے ٹی اینڈ ٹی کے درمیان تنازع توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ مائک کا کہنا ہے وہ بلاسبب ایک خطیر رقم کمپنی کو ادا نہیں کرے گا۔ دوسری جانب اے ٹی اینڈ ٹی بھی اپنے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں