پاکستانی طلباء نے روبوٹ فٹبال ورلڈ کپ جیتنےکا خواب آنکھوں میں سجا لیا

نسٹ کے طلبہ کی تیار کردہ روبوٹ ٹیم نے دنیا کے سب سے بڑے روبوٹک مقابلے اسٹینڈرڈ پلیٹ فارم لیگ کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے


ویب ڈیسک May 12, 2015
پاکستان کی یونیورسٹیاں تحقیق خصوصاً جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی یافتہ ملکوں کی درسگاہوں سے بہت پیچھے قرار دی جاتی ہیں۔ فوٹو: بی بی سی

پاکستان کی یونیورسٹیاں تحقیق خصوصاً جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی یافتہ ملکوں کی درسگاہوں سے بہت پیچھے قرار دی جاتی ہیں لیکن نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ کی تیار کردہ روبوٹ فٹبال ٹیم نے ٹیکنالوجی کی دنیا کے سب سے بڑے مقابلے روبوکپ کے لیے کوالیفائی کرکے ثابت کردیا ہے کہ مواقع اور وسائل ملنے پر وہ کِسی سے کم نہیں ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے اپنے طلبہ کو 6 روبوٹ فراہم کئے گئے جو جسمانی لحاظ سے اسٹینڈرڈ پلیٹ فارم لیگ کے معیار پر پورے اُترتے تھے۔ مقابلوں میں کوالیفائی کرنے کے لیے طلبہ نے روبوٹس کو مصنوعی ذہانت سے آراستہ کیا جس کی مدد سے ان روبوٹس نے میگا ایونٹ تک رسائی حاصل کی۔

نسٹ کے شعبہ برائے روباٹِکس اینڈ آرٹیفِشل انٹیلی جنس کے سربراہ ڈاکٹر یاسر ایاز کا کہنا ہے کہ روبو کپ کو اسٹینڈرڈ پلیٹ فارم لیگ بھی کہا جاتا ہے، جس کا ہدف 2050 تک فٹبال کی روبوٹ ٹیم کو انسانوں کی عالمی چمپیئن ٹیم کے خلاف میدان میں اتارنا ہے۔ روبو کپ میں بین الاقوامی یونیورسٹیوں کی بنائی ہوئی روبوٹ ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ ہمیں اِس نوعیت کے مقابلے میں شرکت کرنے والی جنوبی ایشیا کی پہلی ٹیم کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔

ڈاکٹر یاسرایاز کا کہنا ہے کہ اسٹینڈرڈ پلیٹ فارم لیگ کی خاصیت روبوٹ کھلاڑی کی خودمختاری ہے۔ اُس میں اتنا شعور ہونا چاہیئے کہ وہ میدان میں اُترنے کے بعد خود فیصلے کر سکے کیونکہ کھیل کے دوران اُسے باہر سے کنٹرول کرنے کی اجازت نہیں ہوتی اور روبوٹ میں خودمختاری پیدا کرنے کا حل مصنوعی ذہانت میں ہے۔ ایونٹ میں کوالیفائی کرنے سے عالمی مقابلہ جیتنے تک کے تمام مراحل میں روبوٹ کھلاڑی کی مصنوعی ذہانت کو پرکھا جاتا ہے۔

پاکستانی ٹیم کو کوالیفائی کرنے کے قابل بنانے والے طلباء ان دنوں روبوٹ کو فٹبال کے مختلف گُر سکھانے میں مصروف ہیں۔ کوئی گول کیپر تیار کر رہا ہے تو کوئی اُنھیں اپنے ساتھیوں اور مخالف کھلاڑیوں کو پہچاننے کی صلاحیت سے آراستہ کررہا ہے۔ روبوٹ کو سکھانے والے طلبہ کی ٹیم میں شامل ماہم تنویر کا کہنا ہے کہ کسی بھی انسان کے لئے فٹبال کو کِک لگانا مشکل نہیں لیکن روبوٹ کا فٹبال کو کِک لگانا طویل اور پیچیدہ عمل ہے۔ روبوٹ کو پتہ ہونا چاہیے کہ بال کے لحاظ سے میں کہاں ہوں تاکہ وہ بال کے سامنے جا کر صحیح کھڑا ہو سکے پھر اُسے اپنی ایک ٹانگ پر توازن قائم کرنا ہوتا ہے۔

ماہم تنویر کا کہنا ہے کہ اُن کی ٹیم کے روبوٹ کھلاڑی نہ صرف کِک لگانے کےقابل ہیں بلکہ وہ اپنا بھی توازن برقرار رکھ سکتے ہیں۔ قومی ٹیم کے یہ روبوٹس میدان میں اپنی پوزیشن کی نشاندہی بھی کرلیتے ہیں البتہ عالمی مقابلہ کھیلنے سے پہلے بڑا چیلنج یہ ہے کہ اُن کے کھلاڑی کو پتہ ہو کہ اُسے کتنی رفتار یا طاقت سے کِک لگانی ہے کیونکہ روبوٹ میں ان کی مقررہ طاقت اور رفتار کا اندازہ لگانے کی صلاحیت پیدا کرنے پر بہت کم کام ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |