بجلی کے معاملے پر خیبر پختونخوا اور وفاقی حکومت کے درمیان معاملات طے پاگئے

پرویز خٹک اورخواجہ آصف کے درمیان مسائل کے حل کے لیے وفاق کو ایک ہفتے کی مہلت پر اتفاق ہوگیا


ویب ڈیسک May 12, 2015
خیبرپختونخوا میں سب سے سستی بجلی پیدا ہوتی ہے لیکن صوبے کو مہنگی بیچی جاتی ہے، پرویز خٹک فوٹو: آئی این پی

MUZAFFARABAD: بجلی کے معاملے پر خیبر پختونخوا اور وفاقی حکومت کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں جس کے تحت مسائل کے حل کے لیے وفاق کو ایک ہفتےکی مہلت دینے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی سربراہی میں وفدنے وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے ملاقات کی، خیبرپختونخوا حکومت کے وفدمیں مسلم لیگ (ن)کے علاوہ صوبائی اسمبلی میں نمائندگی رکھنے والی تمام جماعتوں کے ارکان موجود تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ لوڈشیڈنگ، گوادر کاشغر روٹ اور واجبات کی ادائیگی خیبر پختونخوا کے 3 بڑے مسائل ہیں، ہمارے مسائل تقریباً حل ہوچکے ہیں جن پر اب صرف نوٹی فکیشن جاری ہونا باقی ہے، اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے ہمیں ایک ہفتے کا وقت دیا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف دورہ افغانستان پر ہیں انہوں نے کل اقتصادی راہ داری کے راستے پر اجلاس طلب کیا ہے ، جس میں تمام امور طے پاجائیں گے، اس حوالے سے تمام جماعتوں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جمعے تک لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی سربراہی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے منتخب ارکان اور رہنماؤں و کارکنوں کی بڑی تعداد نے خیبر پختونخوا ہاؤس سے پارلیمنٹ ہاؤس تک مارچ کیا۔ جہاں پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ہے، خیبرپختونخوا میں سب سے سستی بجلی پیدا ہوتی ہے لیکن صوبے کو مہنگی بیچی جاتی ہے، بجلی پر حق ہمارا ہے لیکن لوڈشیڈنگ ہم ہی برداشت کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |