جاپان پاکستانی چاول انڈسٹری کو تکنیکی مدد فراہم کریگا

رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور جاپانی اعزازی قونصلر فروغ سرمایہ کاری میں معاہدہ


Business Reporter October 12, 2012
پہلے مرحلے میں جاپان کے تعاون سے رائس ٹیکنیکل اسکول قائم کیا جائیگا، جاوید غوری فائل فوٹو

جاپان پاکستان میں چاول کی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کے لیے تکنیکی تعاون فراہم کریگا۔

اس سلسلے میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور پاکستان میں جاپان کے اعزازی قونصلر برائے فروغ سرمایہ کاری کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پاگیا ہے، معاہدے پر رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین جاوید علی غوری اور سرمایہ کاری بورڈ کے اعزازی قونصلر ڈاکٹرہیرو ناو تاکا ہاشی نے دستخط کیے۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین جاوید علی غوری کے مطابق اس معاہدے کے تحت جاپان پاکستانی رائس انڈسٹری کو چاول کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے اور ہائی ویلیوی منڈیوں میں پاکستانی چاول کے مارکیٹ شیئر کو بڑھانے کیلیے تکنیکی تعاون فراہم کریگا۔

پہلے مرحلے میں جاپان کے تعاون سے پاکستان میں رائس ٹیکنیکل اسکول قائم کیا جائے گا جس کا قیام آئندہ سال تک مکمل ہوجائے گا، اسکول کے قیام سے پاکستان سے چاول کی برآمدات 3ارب ڈالر تک بڑھانے میں نمایاں مدد ملے گی۔ جاوید غوری نے وفاقی وزارت تجارت پر زور دیا کہ پاکستان میں جاپان کے تعاون سے قائم ہونے والے تکنیکی اسکول کیلیے فروغ برآمدات کے فنڈ میں سے رقم مہیا کی جائے تاکہ چاول کے شعبے میں تربیت یافتہ عملے کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے اور چاول کی برآمدات کو مزید فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چاول کے شعبے میں تربیت یافتہ عملے کی کمی کو شدت سے محسوس کیا جارہا ہے اور موجودہ تقاضوں، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رحجان کے باعث پاکستان میں تربیت یافتہ عملے کو تربیت فراہم کرنے کیلیے رائس ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |