سانحہ کراچی عالمی سازش ہوسکتی ہے وزیراعظم  نواز شریف

پاکستان کو ترقی نہ کرنے دینا دہشت گردوں کا ایجنڈا ہے جسے ہر صورت ناکام بنائیں گے،وزیراعظم نوازشریف


ویب ڈیسک May 13, 2015
وزیراعظم نے سکیورٹی اداروں کوکراچی میں دہشت گردوں کےخلاف فیصلہ کن ٹارگٹڈ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا، فوٹو: پی آئی ڈی

حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے، کالعدم تنظیموں کے کارندوں اور دہشت گردوں کے معاونین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

گورنر ہاؤس کراچی میں وزیراعظم کی زیر صدارت اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، سابق صدر آصف زرداری، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلٰی قائم علی شاہ، ایم کیو ایم کے فاروق ستار، ڈی جی آئی ایس آئی، آئی جی پولیس سندھ اور ڈی جی رینجرز سندھ اور دیگر سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس نے وزیراعظم کو صفورہ میں دہشت گردوں کے بس پر حملے کے واقعہ پر بریفنگ دی۔

https://img.express.pk/media/images/q49/q49.webp

https://img.express.pk/media/images/IG-police-DG-rang1/IG-police-DG-rang1.webp

وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے واقعے پر جتنا بھی دکھ کا اظہار کیا جائے کم ہے، پرامن افراد اور خواتین کو نشانہ بنایا گیا، کراچی پاکستان کا تجارتی مرکز ہے، یہاں ہونے والا واقعہ بہت اہمیت رکھتا ہے، کراچی کی روشنیاں ختم نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری معاشی ترقی دشمنوں کو پسند نہیں، سانحہ صفورا معاشی ترقی کے خلاف عالمی سازش کا حصہ ہو سکتا ہے۔ دشمنوں کا ایجنڈا ہے کہ کوئی بھی ایسی چیز نہ ہو جس سے ملک ترقی کرے، دشمن پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتا، پاکستان کے دشمنوں پر نظر رکھنا ضروری ہے۔ قوم کے دشمن سے سب کو مل کر پوری قوت سے نبرد آزما ہونا ہوگا، ہر صورت دہشت گردی کومنطقی انجام تک پہنچانا ہے۔ دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے پورا زورلگانا ہو گا۔ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی اور ملزموں کو جلد جلد از گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے۔ تمام ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے ذمے دار ہیں، تمام ادارے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے زیادہ مستعدی کا مظاہرہ کریں۔

https://img.express.pk/media/images/q311/q311.webp

وزیراعظم نے سکیورٹی اداروں کوکراچی میں دہشت گردوں کےخلاف فیصلہ کن ٹارگٹڈ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا اور کہا ان کےخلاف تیز سے تیز ترین کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن نتائج کے حصول اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا، دہشت گردوں کے خلاف درج مقدمات کے چالان 15 دن سے ایک ماہ میں متعلقہ عدالتوں میں بھیجے جائیں۔ تمام انٹیلی جنس ایجنسیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور معاونت کریں۔

https://img.express.pk/media/images/governor-house/governor-house.webp

اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا پولیس اور رینجرز کو ضرورت پڑنے پر پاک فوج اور ایف سی کی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم نے سندھ حکومت اور صوبائی پولیس کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی اور سندھ حکومت اور سیکورٹی اداروں کو ہر ممکن لاجسٹکس سپورٹ اور مالی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا کہ جو افسران فرائض میں غفلت برت رہے ہیں ان کو عہدوں سے فارغ کردیا جائے۔ انہوں نے کہا بہادر پاکستانی قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، معصوم افراد کے قاتلوں کاصفایا کریں گے، بربریت کے واقعات ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے سے نہیں روک سکتے۔ قائم علی شاہ نے کہا امن و امان ہماری حکومت کی بھی ذمہ داری ہے اور ہم نے اپنی ذمے داری بخوبی نبھائی ہے۔

https://img.express.pk/media/images/a1/a1.webp

علاوہ ازیں وزیراعظم، آصف زرداری، گورنر، وزیراعلٰی سندھ اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ کلفٹن میں واقع اسماعیلی کمیونٹی کے رہنما سلطان علی الانہ کے گھر گئے اور انہوں نے اسماعیلی کمیونٹی کی بس پر حملے کے واقعے میں افسوس کا اظہار اور تعزیت کی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ اس واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے گا۔



https://img.express.pk/media/images/q214/q214.webp

https://img.express.pk/media/images/COAS-prince/COAS-prince.webp

دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کو فون کرکے کراچی میں دہشت گردوں کے بس پرحملے میں بے گناہ افراد کی ہلاکتوں پر افسوس اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ہماری ہمدردیاں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

https://img.express.pk/media/images/q117/q117.webp

https://img.express.pk/media/images/raheel-sharif1/raheel-sharif1.webp

آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اس واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ ذمے داروں کو پکڑنے کے لیے ہر اقدام کریں گے، دہشت گردی میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اوراس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ دہشت گردی کے اس واقعہ کا ارتکاب کرنے والے شرپسندوں، انکے معاونین اور پشت پناہی کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دینے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔