نوجوان معاشی افزائش میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ہارون اگر

افرادی قوت کا تربیتی منصوبہ اہم ہے، کوآرڈینیٹر بینظیر بھٹو شہید یوتھ ڈیولپمنٹ سے گفتگو

افرادی قوت کا تربیتی منصوبہ اہم ہے، کوآرڈینیٹر بینظیر بھٹو شہید یوتھ ڈیولپمنٹ سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

نوجوانوں کی تعمیروترقی کے پروگرام کے تحت ہنرمند اور تربیت یافتہ نوجوانوں کی افرادی قوت بڑھانے کے منصوبے کو کراچی چیمبر آف کامرس خصوصی اہمیت دے رہاہے۔

یہ بات کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ہارون اگر نے بے نظیربھٹوشہید یوتھ ڈیولپمنٹ کے صوبائی کوآرڈینیٹرکریم بخش صدیقی اوروزیراعلیٰ سندھ کے کنسلٹنٹ تیمورعلی کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران کہی۔ انھوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ اورتکنیکی مہارت کے حامل نوجوان ملک کااثاثہ ہیں جوقومی معیشت کی افزائش میں نجی شعبے کے اشتراک سے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انھوں نے نوجوانوں کی تعمیروترقی کیلیے بی بی ایس وائی ڈی پی کے ساتھ کراچی چیمبر کی جانب سے بھرپورتعاون کا یقین دلاتے ہوئے بتایاکہ کراچی چیمبر اور بینظیر بھٹو شہید یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہو چکے ہیں اوراس سلسلے متعدد مشترکہ سیمنارز کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔


جبکہ مزید پیشرفت کیلیے بھی کراچی چیمبر تعاون کے لیے تیار ہے۔ بینظیربھٹو شہید یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کے صوبائی رابطہ کار کریم بخش صدیقی نے اس موقع پرکراچی چیمبرسے مستقل بنیادوں پرتعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ انسانی وسائل کی ترقی کیلیے حکومت سندھ نے سال2008کے دوران اس ترقیاتی پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت خواتین کو بھی پیشہ ورانہ اورتکنیکی مہارت کی تربیت دیکرانھیں معاشی طورپرمضبوط بنایا گیا۔ نوجوانوں کو تربیت کے ساتھ حصول روزگارکے سلسلے میں بھی معاونت فراہم کی جارہی ہے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ تربیت کی ضرورت اور اہمیت کا جائزہ لیاگیا جس میں تمام اسٹیک ہولڈرزکو مشاورت کا حصہ بنایا گیااور اس سلسلے میں جامع منصوبہ بندی کے بعد پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے، تربیت کی ضرورت کی نشاندہی کے پروگرام BBSYDP اور دیگر اسٹیک ہولڈرکو سرکاری اور نجی شعبے میں تربیت کی ضرورت سے آگاہ کرتاہے۔

جس کیلیے متعلقہ ایوانِ صنعت وتجارت اور خو د روزگار کے مواقع مدنظر رکھے جاتے ہیں ۔ انھوں نے بتایاکہ اب تک 118884 غیر ماہر ، نیم ماہر اور نیم خواندہ بیروزگار نوجوانوں کو تربیت فراہم کی گئی ہے جن میں 37193خواتین بھی شامل ہیں جبکہ اس وقت 3085 نوجوان زیرِ تربیت ہیں ۔ اس موقع پر نائب صدر ناصر محمو د ، مینجنگ کمیٹی کے اراکین اور بینظیر بھٹو شہید یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کے ڈاکٹر اسلام حمید ،عابدہ لودھی ، معصومہ رضوی اوردیگر اراکین نے شرکت کی۔
Load Next Story