فلپائن میں فیکٹری میں آگ لگنے سے 72 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی

آگ لگنے کا واقعہ دارالحکومت منیلا کی فیکٹری میں اس وقت پیش آیاجب لوہے کے دروازے کی ویلڈنگ کی جارہی تھی


AFP May 14, 2015
حادثے کے وقت فیکٹری میں درجنوں افراد کام کررہے تھےتاہم اس میں سے چند افراد ہی بچ نکلنے میں کامیاب ہوسکے، حکام ،فوٹو:اے ایف پی

ISLAMABAD: فلپائن میں جوتے بنانے والی فیکٹری میں آگ لگنے کے نتیجے میں 72 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ دارالحکومت منیلا کی فیکٹری میں بدھ کو اس وقت پیش آیاجب لوہے کے دروازے کی ویلڈنگ کی جارہی تھی کہ اس دوران اس سے نکلنے والے شعلوں کی وجہ سے قریب پڑے آتش گیر کیمیکل کے ڈرم میں آگ لگ گئی اور دیکھتے دیکھتے اس نے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔حکام کا کہناہےکہ حادثے کے وقت فیکٹری میں درجنوں افراد کام کررہے تھے اور ان میں سے چند افراد ہی بچ نکلنے میں کامیاب ہوسکےتاہم حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا کہ فیکٹری میں اب بھی کوئی لاش موجود ہے یا نہیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا تاہم رات ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن روک دیا گیا اور دوسرے دن ریسکیو آپریسن مکمل کیا گیا ۔

حادثے میں مرنے والے مزدوروں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات کا معیار انتہائی ناقص تھا جبکہ ہنگامی اخراج کا راستہ بھی واضح نہیں تھا۔فیکٹری میں کام کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ عمارت کی کھڑکیوں میں لوہے کی سلاخیں نصب کی گئی تھیں جس کی وجہ سے اندر پھنس جانے والے مزدور باہر نکلنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور مکمل تفتیش کے بعد واقعے کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں