افغان دارالحکومت کابل میں گیسٹ ہاؤس پرحملہ 6غیرملکیوں سمیت 11 افراد ہلاک

گیسٹ ہاؤس میں محفل موسیقی کی تقریب جاری تھی کہ حملہ آور نے اندر گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کی، پولیس چیف

حملہ آور نے خودکش جیکٹ پہنی ہوئی تھی، پولیس چیف۔ فوٹو:فائل

افغان دارالحکومت میں اسلحہ سے لیس شخص نے گیسٹ ہاؤس میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 غیرملکیوں سمیت 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ ہلاک ہونے والوں میں بھارت اور امریکا کے شہری بھی شامل ہیں۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت کابل کے پارک پیلس میں تقریب جاری تھی کہ حملہ آور نے گیسٹ ہاؤس میں داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 بھارتی، ایک امریکی اور ایک اطالوی شہری سمیت 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر حملہ آور کو ہلاک کردیا۔


کابل پولیس چیف عبدالرحمان رحیمی کے مطابق گیسٹ ہاؤس میں محفل موسیقی کی تقریب جاری تھی جس میں افغان کلاسیکل گلوکار الطاف حسین بطور مہمان خصوصی شریک تھے جب کہ تقریب میں غیرملکیوں سمیت مقامی افراد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر حملہ آور نے عمارت میں گھس کو اندھا دھند فائرنگ کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کرحملہ آور کو ہلاک کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور نے خودکش جیکٹ پہنی ہوئی تھی جسے اڑانے سے قبل ہی فورسز نے اسے ہلاک کردیا جب کہ حملے میں مزید افراد کے ملوث ہونے کا بھی امکان ہے۔

دوسری جانب طالبان نے گیسٹ ہاؤس میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ محفل موسیقی کی تقریب میں حملے کا مقصد اس میں شریک اہم امریکی شخصیات کو نشانہ بنانا تھا جب کہ گیسٹ ہاؤس پر ایک شخص نے حملہ کیا۔

https://www.dailymotion.com/video/x2q600s_afghan-capital_news
Load Next Story