وزیراعلیٰ پنجاب نے رمضان ریلیف پیکیج کی منظوری دیدی

رمضان المبارک کے دوران آٹا، چینی، دالیں، گھی، سبزیاں اور پھل رعایتی نرخوں پر دستیاب ہونگے

رمضان المبارک کے دوران آٹا، چینی، دالیں، گھی، سبزیاں اور پھل رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔فوٹو: پی پی آئی/ فائل

SHARJAH:
وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے اربوں روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔

رمضان پیکیج کے تحت عوام کو رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں سستے آٹے کے تھیلے فراہم کیے جائیں گے۔صرف سستے آٹے کی فراہمی پر پنجاب حکومت ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔


اوپن مارکیٹ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 90 روپے جبکہ رمضان بازاروں میں 130 روپے کم قیمت پر ملے گا۔وزیر اعلی شہباز شریف نے اس امر کی منظوری ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکریٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی ۔ وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت ماہ مقدس کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے خصوصی پیکیج دے رہی ہے جس کے تحت عوام کو رمضان المبارک کے دوران آٹا، چینی، دالیں، گھی، سبزیاں اور پھل رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔

انہوںنے کہا کہ صوبے بھر میں 318 سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 17 ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں میں تبدیل ہوجائیں گے۔ چینی رمضان بازاروں میں مارکیٹ سے 8 روپے فی کلو کم نرخوں پر دستیاب ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ زراعت 335 فیئرپرائس شاپس قائم کرے گا جبکہ 147 گرین چینل بھی کھولے جائیں گے جہاں کسان براہ راست اپنی اشیا فروخت کر سکیں گے۔

انہوںنے کہا کہ انڈے اور مرغی کا گوشت مارکیٹ ریٹ کے مقابلے میں سستے داموں دستیاب ہوگا۔ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی اسٹورز کے اسٹال بھی لگائے جائیں گے۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔دالیں اور دیگر اشیا ذخیرہ کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔ تمام وزرا اور سیکرٹری صاحبان رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی چیکنگ کیلیے دورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازار رمضان المبارک کی آمد سے 3 روز قبل کام شروع کردیں گے۔
Load Next Story