سابق اسٹار کرکٹرز کی تجوریاں مزید بھرنے کا منصوبہ

سچن ٹنڈولکراور شین وارن نےنیا بزنس پلان تیارکرتےہوئے15میچز پر مشتمل آل اسٹارز ٹوئنٹی20لیگ کرانے کی تیاری شروع کردی ہے


AFP/Sports Desk May 16, 2015
ستمبر میں پہلی آل اسٹارز سیریز کا انعقاد امریکی شہروں میں کیا جائے گا،رپورٹ ۔ فوٹو : فائل

سابق اسٹار کرکٹرز کی تجوریاں مزید بھرنے کی تیاری ہونے لگی، ان کی ایک ٹوئنٹی 20لیگ کرانے کا منصوبہ سامنے آیا ہے،اسکے روح رواں سچن ٹنڈولکر اور شین وارن ہیں، 30کھلاڑیوں کو فی میچ25ہزار امریکی ڈالرز ادا کیے جائیں گے، ستمبر میں پہلی سیریز کا انعقاد امریکی شہروں میں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سچن ٹنڈولکر اور شین وارن نے نیا بزنس پلان تیار کرتے ہوئے 15میچز پر مشتمل آل اسٹارز ٹوئنٹی20لیگ کرانے کی تیاری شروع کردی ہے،سابق کرکٹرز پر مشتمل ایونٹ میں15میچز کھیلے جائیں گے۔

30منتخب کھلاڑیوں کو ایک مقابلے میں شرکت کے25ہزار امریکی ڈالر ادا کیے جائیں گے، ستمبر میں پہلی سیریز کے میزبان امریکی شہر نیویارک، شکاگو اور لاس اینجلس ہوں گے، یہ سلسلہ ساڑھے 3سال تک کینیڈا، سنگاپور، ہانگ کانگ، یو اے ای سمیت ایسے ممالک میں جاری رہے گا جہاں شائقین کرکٹ کو ترسے ہوئے ہیں۔ ایک آسٹریلوی اخبار کے مطابق اس ضمن میں سابق کینگرو کرکٹرز بریٹ لی، رکی پونٹنگ، ایڈم گلکرسٹ، گلین میک گرا، انگلش مائیکل وان، اینڈریو فلنٹوف، بھارتی راہول ڈریوڈ، انیل کمبلے، وینکٹ لکشمن، ویسٹ انڈین برائن لارا،سری لنکن مرلی دھرن اور پروٹیز جیک کیلس سے رابطہ کیا گیا ہے، کسی کھلاڑی نے مجوزہ لیگ کی مزید تفصیلات سے پردہ اٹھانے پر رضامندی ظاہر نہیں کی۔

انھیں ایک صفحے پر مشتمل معاہدے کی کاپی بھجوانے کے ساتھ کہا گیا ہے کہ مزید کوائف بعد میں فراہم کردیے جائیں گے، ادھورے معاہدے پر چند سابق کرکٹرز کو تحفظات بھی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شین وارن اس وقت انگلینڈ میں اپنے اس بزنس پلان پر کام کر رہے ہیں،انھوں نے قبل ازیں بھی اشارہ دیا تھا کہ ٹندولکر کے ساتھ مل کر رواں سال لیگ کا انعقاد کرائیں گے،کرکٹ آسٹریلیا نے اس حوالے سے کسی تبصرے سے گریز کیا، البتہ حکام کا کہنا ہے کہ کھیل کو فروغ دینے میں معاون سرگرمیوں پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

مگرقومی ٹیموں میں شامل زیرمعاہدہ پلیئرز کو ایسے کسی ایونٹ کا حصہ بنانے پر مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ بریٹ لی کے منیجر نیل میکسویل نے تصدیق کی کہ سابق فاسٹ بولر کو لیگ میں شرکت کی پیشکش ہوئی ہے، وہ معاہدے سے قبل کرکٹ آسٹریلیا سے اجازت طلب کریں گے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ آل اسٹارز لیگ کے مقابلوں کا شیڈول بگ بیش اور آئی پی ایل سے متصادم ہوسکتا ہے،اس میں شامل کئی سابق کرکٹرز مختلف فرنچائزز کی جانب سے کھیلتے ہیں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں