کیون پیٹرسن کو سبز باغ دکھانے کا دعویٰ مسترد

قومی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے کوئی ضمانت نہیں دی تھی، انگلش بورڈ چیف


AFP/Sports Desk May 16, 2015
قومی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے کوئی ضمانت نہیں دی تھی، انگلش بورڈ چیف فوٹو: فائل

انگلش کرکٹ بورڈ کے نومنتخب چیئرمین کولن گریوس نے کیون پیٹرسن کو سبز باغ دکھانے کا دعویٰ مسترد کر دیا۔

کولن گریوس نے کہا کہ بیٹسمین کو رواں برس قومی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے کوئی ضمانت نہیں دی تھی۔ گذشتہ برس فروری میں انگلینڈ نے پیٹرسن کے کیریئر پر فل اسٹاپ لگا دیا، مارچ میں گریوس نے کہا تھاکہ اگر وہ کاؤنٹی کرکٹ میں زیادہ رنز بنائیں تو دوبارہ سلیکشن کا سوچا جا سکتا ہے، مگر ٹرپل سنچری بنانے کے باوجود انھیں نظرانداز کر دیا گیا ۔

جس پر وہ خاصے چراغ پا ہوئے اور ای سی بی پر وعدہ خلافی کا الزام بھی لگا دیا،گذشتہ روز اس حوالے سے ایک بیان میں کولن گریوس نے کہاکہ پیٹرسن کو ایسی کوئی ضمانت نہیں دی گئی تھی کہ اگر وہ آئی پی ایل چھوڑ کر کاؤنٹی کرکٹ کھیلیں اور رنز بنائیں تو انگلینڈ کیلیے منتخب ہوسکیں گے، میں نے کہا تھا کہ انھیں ایسی کارکردگی پر اپنے مستقبل کا کوئی فیصلہ کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ بورڈ کے نئے کرکٹ ڈائریکٹر اسٹروس کا کہنا تھاکہ پیٹرسن کو 'بھروسے' کے معاملات پر منتخب نہیں کیا جائیگا، بیٹسمین نے اس فیصلے کو 'دھوکے بازی' قرار دیا۔کولن گریوس نے مزید کہا کہ پیٹرسن کے بارے میں فیصلے کی مکمل حمایت کرتا ہوں، شاید انھیں یہ پسند نہ آئے تاہم اس سے انھیں دیگر مواقعوں کو جانچنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ان تمام باتوں کے باوجود پیٹرسن ہمارے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔

اس سے ان کے اور ہمارے تعلقات میں بہتری آئیگی، یوں وہ انگلش کرکٹ میں مزید بہتری کیلیے اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ یاد رہے کہ 2008 میں آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ کیریئر شروع کرنیوالے پیٹرسن نے 104میچز میں 47کی اوسط سے8181 رنز اسکور کیے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں