خلیج سے پاکستانیوں کے ہنگامی اخراج کیلیے ڈیسک کی سفارش

15لاکھ سے زائد افرادکو ایمرجنسی میں ریسکیو کرنے کیلیے وزارت اوورسیز میں قائم کی جائے

ڈیسک کارابطہ وزارت خارجہ، وزیراعظم آفس سے ہوناچاہیے، قائمہ کمیٹی برائے اوورسیزپاکستانیز ۔ فوٹو : محمد نعمان

قائمہ کمیٹی برائے اوورسیزنے خلیجی ممالک میں قیام پذیر 15 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کوایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو کرنے کے لیے وزارت اوورسیز میں خصوصی ڈیسک قائم کرنے کی سفارش کی ہے،کمیٹی نے یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کوسراہا اورپاکستانی ہنرمندوں کوبیرون ملک بھجوانے اورنئی راہیں تلاش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

قائمہ کمیٹی اوورسیز کااجلاس چیئرمین کمیٹی میرعامرعلی خان مگسی کی زیرصدارت جمعے کواوورسیز فاؤنڈیشن میں ہواجس میں یمن سے واپس آئے ہوئے پاکستانیوں کے حوالے سے کمیٹی کوبریفنگ دی گئی۔اس موقع پرکمیٹی کوبتایا گیا کہ یمن میں پھنسے 605 پاکستانیوں کوپی ائی اے کے ذریعے واپس لایاگیا۔ان میں سے 388 افراد کاتعلق کراچی، 215 کا اسلام آباداور52 کالاہورسے تھا۔


پاکستان آنے کے بعدان مسافروں کووزارت کے خرچے پران کے گھروںتک بھی پہنچایا گیاجس پروزارت کے 5لاکھ 30ہزار 500روپے خرچ ہوئے۔ کمیٹی کے اراکین نے متفقہ طورپر وزارت کے اعلی حکام سے سوال کیاکہ اگرخلیجی ممالک میں روزگار کے سلسلے میں گئے ہوئے 15لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کو ایمرجنسی حالات میں پاکستان لاناپڑے تووزارت کیااقدام کرے گی۔ حکام نے خاموشی اختیارکرتے ہوئے نفی میں جواب دیا۔

اس پرکمیٹی نے وزارت کوسفارش کی کہ ایک ڈیسک قائم کی جائے جس کا رابطہ وزارت خارجہ اوروزیراعظم آفس سے ہوتاکہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں تمام ادارے مل کراقدام کرسکیں۔ چیئرمین کمیٹی نے ادارے کی کارکردگی پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وزارت کابنیادی مقصد سمندرپارپاکستانیوں کے مسائل حل کرنا اورہنرمند پاکستانیوں کے لیے بیرون ملک روزگارکے مواقع مہیا کرنا ہے۔

وزارت کے حکام کوچاہیے کہ بیرون ملک پاکستانیوں سے قریبی رابطہ رکھے۔ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانی پیر صدرالدین راشدی نے کمیٹی کو بتایاکہ وزارت اوورسیز بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے روزگارکے مواقع تلاش کررہی ہے۔ محدودوسائل کے باوجود ادارے کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔ انھوںنے کہاکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی جوبھی سفارشات مرتب کر ے گی اس پرعمل کیاجائے گا۔ کمیٹی اجلاس میں وزارت کے سیکریٹری سکندر اسماعیل خان، منیجنگ ڈائریکٹر اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن حبیب الرحمن خان اوردیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
Load Next Story