فاٹا میں 50ارب کا بینظیر ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ

تعلیم، ووکیشنل ٹریننگ، اسمال انڈسٹریل زونز و دیگر 250منصوبے شروع کیے جائینگے


عامر خان October 12, 2012
تعلیم، ووکیشنل ٹریننگ، اسمال انڈسٹریل زونز و دیگر 250منصوبے شروع کیے جائینگے، فوٹو : فائل

وفاقی حکومت نے فاٹا کے علاقوں میں تعمیر نو اور روزگار کی فراہمی کیلیے ''شہید بینظیر بھٹو ڈیولپمنٹ پروگرام'' شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت تعلیم، صحت، روزگار، سڑکوں کی تعمیر، ووکیشنل ٹریننگ، اسمال انڈسٹریل زون سمیت دیگر منصوبوں پر50 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس پروگرام کے تحت منصوبوں کو5سال میں مکمل کیا جائے گا۔ پروگرام کے تحت تعمیر کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلیے ادارہ ترقیات فاٹا قائم کیا جائے گا جس کے چیئرمین خیبر پختونخواہ کے گورنر ہونگے۔ پروگرام کا افتتاح صدر زرداری دسمبرمیںکرینگے۔

ذرائع کے مطابق اسں پروگرام کے تحت 250منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ 40مزید پرائمری اور سیکنڈری بوائز اینڈ گرلز اسکولز، 20 کالجز (10 بوائز، 10 گرلز)، ایک میڈیکل کالج، ایک انجینئرنگ کالج سمیت فاٹا یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔ صحت کے منصوبوں کے تحت ان علاقوں میں 100، 100 بستروں پر مشتمل دو جدید اسپتال، ایک کارڈیک سینٹر، ایک کڈنی سینٹر اور 20 بنیادی صحت کے مراکز قائم کیے جائیں گے۔ 15 جدید سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔

نوجوانوں، مردوں اور خواتین کو فنی تربیت فراہم کرنے کے لیے 8 ووکیشنل ٹریننگ سینٹر اور خیبر ایجنسی، مہمند ایجنسی سمیت دیگر علاقوں میں 4 اسمال انڈسٹریل زون بھی قائم کیے جائیں گے جہاں مقامی افراد کو فیکٹریاں قائم کرنے کیلیے اراضی اور بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق آپریشن کے باعث تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کو ایک سے تین لاکھ روپے تک مالی امداد بھی دی جائے گی۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلیے 8 چھوٹے ڈیمزاوردیگر30 منصوبے تعمیر کیے جائیں گے۔

وفاقی حکومت 200 میگاواٹ کا ایک بجلی گھر بھی وہاں تعمیر کرے گی۔ لوگوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے کیلیے مقامی علمائے کرام کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ حکومت فاٹا سے تعلق رکھنے والے پوزیشن ہولڈرز کو اعلیٰ تعلیم دلانے کیلیے اسکالر شپ کا اجراء بھی کرے گی۔اس پروگرام کے تحت 3000 نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ یہ پروگرام وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد فروری 2013میں شروع کیا جائے گا۔ پروگرام کیلیے ہرمالی سال میں حکومت فاٹاکی ترقی کیلیے10 ارب جاری کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں