آئی کیو لیول بڑھانے کے بنیادی نکات

اللہ تعالی نے انسان کو سوچنے سمجھنے اور اس کائنات کے رازوں سے آگاہ ہونے کی صلاحیتوں سے نواز رکھا ہے۔

ذہنی استعداد کا ٹیسٹ آپ سے زیادہ سے زیادہ درست جوابات کی توقع رکھتا ہے فوٹو : فائل

انسان کو جو چیز دوسرے جانداروں سے ممتاز کرتی ہے، وہ اس کی ذہنی صلاحیتیں ہیں۔ اللہ تعالی نے انسان کو سوچنے سمجھنے اور اس کائنات کے رازوں سے آگاہ ہونے کی صلاحیتوں سے نواز رکھا ہے۔ یہ ذہنی استعداد جسے سائنسی زبان میں IQ یعنی Intelligence Quotient کہتے ہیں۔

اگر آپ کا ذہن اچھی علمی معلومات کا خزینہ ہے اور ان معلومات کے ذریعے اگر بروقت مسائل کو حل کیا جا رہا ہے تو یقیناً آپ کا آئی کیو لیول ایک اچھی سطح پر ہے۔ عام فہم زبان میں یوں سمجھ لیں کہ کسی کی ذہانت جانچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ جان سکیں کہ اگلا شخص کتنا اسمارٹ یا چالاک ہے۔ آپ اپنی ذہنی استعداد یعنی آئی کیو کا معیار اور سطح خود بھی جان سکتے ہیں اوسط آئی کیو لیول 100تک ہوتا ہے اگر آپ کسی آئی کیو ٹیسٹ میں اس سے زیادہ اسکور کر لیں تو آپ ایک اوسط شخص کے مقابلے میں زیادہ اسمارٹ ہیں بہ صورت دیگر اس کامطلب ہے کہ آپ اوسط آدمی سے کم اسمارٹ یا ذہین ہیں۔ لیکن اگر آپ کا آئی کیو لیول سو سے کم ہے تو اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ آپ اسے بہتر نہیں بنا سکتے۔

آپ اپنی اس کمی کو تربیت، ذہنی ورزش اور پریکٹس سے پوری کر سکتے ہیں۔ یہاں یہ واضح رہے کہ ہر شخص کی ذہنی استعداد کی ایک حد ہوتی ہے اور ایسا بھی ہوتا ہے کہ آپ اپنی بہتر ترین پرفارمنس دے کر بھی زیادہ اسکور حاصل نہیں کر پاتے مگر یہ کوئی ایسی پریشان کن بات نہیں۔ اس بات سے آپ کو قطعاً مایوس نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی اس بات پر ہمت ہار دینی چاہئے کیونکہ آپ کی یہ خامی محض وہاں تک ہے کہ آپ نے آئی کیو ٹیسٹ کی بھرپور اور مکمل تیاری نہیں کی، کیوں کہ دوسری طرف اسی ٹیسٹ میں آپ سے کم اسکور رکھنے والے افراد صرف درست، مکمل اور بھرپور تیاری کے سبب زیادہ اسکور کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

آئی کیوٹیسٹ کی تیاری اور پریکٹس میں آپ کی محنت نتیجہ خیز ثابت ہو سکتی ہے۔ اس کے لئے آپ کو درست آئی کیو ٹیسٹ کا جائزہ لینا ہو گا اور جاننا ہو گا کہ اس ٹیسٹ کے کون سے حصے آپ کے لئے مشکل ہیں، اسی حساب سے ان مشکل سوالات اور موضوعات کی بھرپور تیاری اور پریکٹس کریں۔ اپنی کوششوںکو محض سوالوں کے حل کرنے تک ہی محدود نہ رکھیں بلکہ ان سوالات اور جوابات کو ہر ممکن طریقہ سے سمجھنے کی کوشش کریں، تب ہی آپ ایک مکمل اور صیح ٹیسٹ کرنے میں کامیاب ہو پائیں گے ۔

ہم سب کی روز مرہ کی زندگی میں حساب کتاب (Numerical Reasoning) یعنی نمبرز کا سب سے اہم کردار ہوتا ہے کیونکہ زندگی کے تقریبا ہر شعبے میں اس کی ضرورت لازمی پیش آتی ہے۔ ایک نارمل آئی کیو ٹیسٹ میں آپ کو نمبرز کی ایک سیریز دی جاتی ہے، اس سیریز میں بعض نمبرز غائب ہوتے ہیں، ان نمبرز کے درمیان ایک ربط ہوتا ہے، اس آئی کیو ٹیسٹ میں آپ کو صرف نمبرزجاننے ہوتے ہیں بلکہ اس ربط اور وجد کو بھی جاننا ہے کہ سیریز کا تسلسل برقرار رہے۔

اسی طرح اعداد وشمار کے حوالے سے ہونے والے ٹیسٹ میں ہوتا ہے جس میں ہر Figure دوسرے سے مختلف ہوتا ہے یہاں بھی آپ کو ان Figures کے درمیان ربط تلاش کرکے انہیں اس صورت ترتیب دینا ہے کہ ان کا تسلسل قائم رہے اور ایسا آپ فور ی اور جلدی اسی صورت ہی کر سکتے ہیں جب آپ نے اعدادوشمار کے ہونے والے اس ٹیسٹ کی مکمل اور بھرپور تیاری کر رکھی ہو۔


الفاظ کے انتخاب کا ٹیسٹ آپ کے ذخیرہ الفاظ کا امتحان نہیں بلکہ یہ ٹیسٹ میں دیئے گئے الفاظ کو درست انداز میں ایک دوسرے سے مربوط کرنے کا نام ہے یہ ایک قسم کی ذہنی آزمائش کا طریقہ سمجھا جاتا ہے۔ آئی کیو ٹیسٹ کا ایک اہم حصہ نتائج اخذ کرنے سے متعلق ہوتا ہے، جس میں آپ کو کچھ بیانات دیئے جاتے ہیں اور آپ نے ان بیانات میں سے ان کے درست نتائج کو جاننا ہوتا ہے اس ٹیسٹ میں دئے گئے بیانات آپ کے احساسات کو مجروح کرنے والے بھی ہو سکتے ہیں۔ بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے آپ کی اس حوالے سے بھرپور پریکٹس نہایت اہم ہے۔

یہاں ہم آپ کو آئی کیو لیول بڑھانے کے چند بنیادی نکات سے آگاہی دیں گے۔ آئی کیو اسکور میں اضافے کے لئے دیئے گئے بنیادی نکات متعدد سائنسی تحقیقات سے آزمائی جا چکی ہیں، ان تحقیقات کی روشنی میں ان سب کے مثبت نتائج مرتب ہوتے ہیں۔

موسیقی:۔کچھ لوگ موسیقی سننا پسند نہیں کرتے اور اسے صرف وقت کا ضیاع یا پھر درر سر سمجھتے ہیں۔ تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ موسیقی کے اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں، لہذا دن میں کم از کم دس سے پندرہ منٹ اپنی پسندیدہ موسیقی کو ضرور دیں۔ ایک ہلکی پھلکی موسیقی آپ کے اعصاب پر اچھا اثر ڈالے گی اور یہ آپ کے اندر سوچ کے نئے راستے پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔

کھیل:۔ دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا انسان ہو جسے کسی قسم کے کھیل سے دلچسپی نہ ہو۔ کھیل آپ کے خون میں آکسیجن کی سطح کو بڑھاتا ہے جس سے آپ کے پٹھے اور ذہن دونوں ہی مضبوط اور چاق وچوبند ہوتے ہیں۔ کھیل کا تعلق عمر سے نہیں ہوتا، یہ بات ہمیشہ ذہن میں رکھیں۔ اس لئے اپنی بڑھتی عمر کو جواز بنا کر کھیلوں سے دوری اختیار کرنا درست نہیں۔ آپ عمر کے کسی بھی حصے میں ہوں کھیل آپ کی صحت اور دماغ پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں بالکل اسی طرح ان ڈور گیم بھی جیسے پزل، کیوبز اور بلاکس سے ذہنی ورزش ہوتی ہے۔

ذہنی دباؤ:۔کسی بھی ٹیسٹ کے لئے اپنے مزاج کو ایسا بنائیں کہ آپ کسی بھی قسم کے دباؤ کا شکار نہ ہوں۔ اگر آپ ایسا نہیں کر سکتے تو کم از کم اس دباؤ کو اس کی ہلکی ترین سطح پر محسوس کریں جیسے کہ مختلف ریسرچ سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ جب کسی کو آئی کیو ٹیسٹ کے بارے میں کہا جائے تو اس کی پر فارمنس دباؤ کی وجہ سے خراب ہو جاتی ہے جبکہ اسی شخص کو آئی کیو ٹیسٹ کا نام لئے بغیر اس حوالے سے کچھ پزل یا کیوبز جیسے گیمز کو حل کرنے کے لئے کہا جائے تو وہ ہی شخص بغیر کسی دباؤ کا شکار ہوئے مثبت نتائج دے گا۔

آئی کیو ٹیسٹ کے دوران دی گئی ہدایات کو غور سے پڑھیں۔ سوال کو پورا پڑھ کر سمجھیں کہ در حقیقت اس سوال کا مقصد کیا ہے؟ (نمونہ) سوالات کو سنجیدگی سے لیں اور اس مشکل مرحلے پر تیزی سے گزرنے سے پرہیز کریں کیونکہ جلد بازی صرف نقصان پہنچاتی ہے۔ اصل ٹیسٹ اسی وقت شروع کریں جب آپ سوالات کو اچھی طرح سمجھ چکے ہوں۔ سوالات کے دروانیے کے حساب سے اپنے وقت کو تقسیم کریں۔

یہ بات یاد رکھیں کہ ذہنی استعداد کا ٹیسٹ آپ سے زیادہ سے زیادہ درست جوابات کی توقع رکھتا ہے۔کسی ایک سوال پر زیادہ وقت صرف کرنا آپ کے باقی ٹیسٹ کے لئے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ مشکل سوالات سے پہلے گریز کریں اور جن سوالوں کے جوابات آپ کو درست آتے ہوں، پہلے انہیں کرنے کو ترجیح دیں۔ یہ بات یاد رکھیں کہ وقت کا سب سے زیادہ ضیاع جواب کے بارے میں تذبذب کا شکار ہونے میں ہوتا ہے، لیکن اندھا دھند صرف اندازوں کی بنیاد پر جوابات لکھنے سے بھی گریز کریں کیوں کہ آپ کو سوال کا مقصد سمجھنا نہایت ضروری ہے۔ ٹیسٹ مکمل ہو جانے کے بعد اپنے جوابات کا ازسر نو جائزہ لیں اور وقت پھر بھی بچ رہا ہو تو دوبارہ ٹیسٹ پر نظر ثانی کریں۔
Load Next Story