12اکتوبرتبدیلی غاصبانہ قبضے نہیں ووٹ سے آتی ہے نوازشریف

ن لیگ آج یوم سیاہ منائے گی،یہ ملک کو ترقی و خوشحالی سے دور کرنیکی سازش تھی، شہبازشریف

ن لیگ آج یوم سیاہ منائے گی،یہ ملک کو ترقی و خوشحالی سے دور کرنیکی سازش تھی، شہبازشریف۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

جنرل پرویز مشرف کی طرف سے 12 اکتوبر1999 کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی حکومت ختم کیے ہوئے13سال مکمل ہوگئے ہیں۔


اس سلسلے میں مسلم لیگ(ن) آج ( جمعہ)ملک بھر میں یوم سیاہ منائے گی۔ مسلم لیگ ( ن) لائرز فورم کے اہتمام آج11بجے وکلا لاہور ہائیکورٹ کے باہر مشرف اقدام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں گے ۔ ن لیگ کے زیراہتمام مختلف مقامات پر مظاہرے بھی کرنے کے پروگرام بنائے گئے ہیں۔ اس موقع پر ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا کہ اس یوم سیاہ کو غیرآئینی و غیرقانونی کارروائی کے ذریعے منتخب حکومت کا خاتمہ کرکے ریاست کو کمزور اور نہتا کردیا گیا اور یہ اسی کا نتیجہ تھا کہ دنیا عوام کی تائید سے محروم ڈکٹیٹر سے اپنی مرضی کے فیصلے منواتی رہی اور پاکستان مسائل کی دلدل میں دھنستا چلاگیا ۔

پاکستانی عوام نے اپنے پختہ عزم ، سیاسی شعور، جمہوریت پر ایمان اور قائد اعظم کی سیاسی تعلیمات پر یقین رکھتے ہوئے آئین اور جمہوریت کو دوبارہ حاصل کرلیا، ایک اہم بات یہ ہوئی کہ عوام کی منتخب پارلیمنٹ نے ڈکٹیٹر کے غیر آئینی اقدامات کی توثیق نہیں کی تھی ۔ اگر آئین شکنی کے مرتکب طالع آزمائوں پر آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق مقدمات چلائے جاتے تو کسی آئندہ مہم جوئی کا دروازہ ہمیشہ کیلیے بند ہوجاتا۔12اکتوبر 1999کا سبق یہی ہے کہ تبدیلی کی منزل اقتدار پر غاصبانہ قبضے نہیں بلکہ ووٹ کے ذریعے ہی حاصل کی جاسکتی ہے۔
Load Next Story