لاہور میں سانحہ شاد باغ پر فائربریگیڈ اورریسکیو 1122 کے دفاترکا ریکارڈ سیل

جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں ڈیڑھ برس سے 12 سال کے درمیان تھیں ۔


ویب ڈیسک May 17, 2015
ریسکیو ٹیمیں بروقت نہیں پہنچیں جس کی وجہ سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا، ایل علاقہ فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے شاد باغ میں آتشزدگی کے باعث جھلس کر جاں بحق ہونے والے 6 بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری رپورٹ طلب کرلی جس کے بعد حکام نے فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کے دفاتر کا ریکارڈ سیل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے شاد باغ میں شیر شاہ روڈ پر واقع ایک مکان میں لگنے والی آگ کے باعث 6 بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی جس کے بعد حکام نے انکوائری شروع کردی جب کہ ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کے دفاتر کا ریکارڈ بھی سیل کردیا گیا۔

شاد باغ میں شارٹ سرکٹ کے باعث گھر میں لگنے والی آگ نے والدین کا ہنستا بستا گھراجاڑ کر رکھ دیا اورایک ہی خاندان کے 6 بچوں کے جنازے اٹھے تو پورا علاقہ غم میں ڈوب گیا، آگ کے شعلوں کی نذر ہونے والے تمام بچوں کی عمریں ڈیڑھ برس سے 12 سال کے درمیان تھیں جنہیں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

دوسری جانب اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں بروقت نہیں پہنچیں جس کی وجہ سے جانی نقصان ہوا جب کہ فائر بریگیڈ کو سوا ایک بجے فون کیا گیا لیکن آگ بجھانے والا عملہ ڈھائی بجے پہنچا اور اس دوران پانی بھی ختم ہوگیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھی ریسکیو ٹیموں اور فائر بریگیڈ کی غفلت کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔

صدرمملکت ممنون حسین اوروزیراعظم نوازشریف نے آتشزدگی کے باعث 6 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے جب کہ وزیراعلی شہباز شریف نے بھی معصوم بچوں کے جھلس کر جاں بحق ہونے کے واقعے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں