زمبابوے کرکٹ ٹیم آج رات پاکستان پہنچے گی

مہمان ٹیم نے ہرارے ایئرپورٹ سے اڑان بھرلی جو دبئی میں کچھ دیرقیام کے بعد علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور پہنچے گی۔

مہمان ٹیم نے ہرارے ایئرپورٹ سے اڑان بھرلی جو دبئی میں کچھ دیرقیام کے بعد علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور پہنچے گی۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لئے زمبابوے ٹیم نے ہرارے سے اڑان بھرلی جو رات 2 بجے لاہور ایئرپورٹ پر پہنچے گی۔

مہمان ٹیم نے ہرارے ایئرپورٹ سے نجی پرواز کے زریعے پرواز بھر لی جو دبئی میں کچھ وقت قیام کے بعد رات 2 بجے علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور پہنچے گی جب کہ مہمان ٹیم کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ کھلاڑیوں کو سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے مقامی ہوٹل لے جایا جائے گا جب کہ سیکیورٹی کے لئے ایلیٹ فورس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے فرائض انجام دیں گے۔


دوسری جانب قذافی اسٹیڈیم کے اطراف اور نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کے قرب و جوار میں مجموعی طور پر 100 کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جہاں پر ماہرین 24 گھنٹے مانیٹرنگ پر مامور رہیں گے، اس کے علاوہ داخلی اور خارجی راستوں پرسیکیورٹی گارڈز تعینات کیے گئے، دورہ کے موقع پر غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے، کمپلیکس کے اطراف میں خاردار تاریں بھی لگا دی گئی ہیں۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ 22 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جب کہ ابتدائی 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کی ٹکٹیں لاہور کی مقامی بیکری پر 250 سے 1500 روپے تک فروخت کی جا رہی ہیں، ٹکٹیں خریدنے کے لیے کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد بیکریوں پر پہنچ گئی ہے۔

واضح رہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے دوران 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
Load Next Story