پاکستان میں 6 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی زمبابوے کی ٹیم لاہور پہنچ گئی

لاہور پہنچنے پر صوبائی وزیر داخلہ اور پی سی بی حکام نے ٹیم کا استقبال کیا اور کھلاڑیوں کو گلدستے پیش کیے


ویب ڈیسک May 18, 2015
زمبابوین کھلاڑیوں کے ٹوئٹ کے جواب میں پاکستانیوں نے انہیں پرجوش انداز میں خوش آمدید کہا۔ فوٹو:ایکسپریس نیوز

PESHAWAR: زمبابوے کی کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے لاہور پہنچ گئی جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کا خواب 6 سال بعد پورا ہوگیا اور زمبابوے کی ٹیم دورہ پاکستان کے لیے لاہور پہنچ گئی ہے۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم ایمریٹس کی پرواز ای کے 622 کے ذریعے براستہ دبئی پاکستان پہنچی جہاں پرواز نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا، ٹیم کی لاہور آمد کے موقع پر صوبائی وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ، مجتبیٰ شجاع الرحمان اور پی سی بی کے حکام نے ٹیم کا استقبال کیا جب کہ کھلاڑیوں کو گلدستے بھی پیش کیے گئے۔

زمبابوے کرکٹ ٹیم کی لاہور آمد کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور مختلف راستوں کو بند کردیا گیا ہے،مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں کا کنٹرول پولیس اور رینجرز نے سنبھال لیا، ٹیم کی سکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 6 ہزار پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے، ٹیم کو ایئرپورٹ سے ہوٹل تک صدارتی سکیورٹی میں لایا گیا جب کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے روٹ کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔

پاکستان روانگی کے موقع پر زمبابوین کھلاڑی برین ویٹوری اور رچمونڈ موتمبامی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ پاکستانیو! ہم آرہے ہیں جس کے جواب میں متعدد پاکستانیوں کی جانب سے انہیں خوش آمدید کہا گیا۔



دوسری جانب دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر پاکستانیوں کی جانب سے زمبابوے ٹیم کا پرجوش انداز سے استقبال کیا گیا جب کہ اس موقع پر پاکستانی شہریوں نے مہمان ٹیم کے پرچم اٹھا کر کھلاڑیوں کے ساتھ اپنی تصاویریں بھی بنوائیں۔

واضح رہے کہ دورہ پاکستان کے دوران زمبابوے کی ٹیم 2 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچ کھیلے گی، ٹی ٹوئنٹی کا پہلا میچ 22 اور دوسرا 24 جب کہ ون ڈے سیریز کے میچز بالترتیب 29،26 اور 31 مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں