ایم کیو ایم کا کراچی میں پانی کے بحران پر 22 مئی سے احتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان

ایم کیو ایم 8 سالوں سے وفاقی اور صوبائی سطح پر پانی کے لئے جدوجہد کرہی ہے، حیدر عباس رضوی

ٹینکر مافیا نے شہریوں کا جینا حرام کردیا ہے،رہنما ایم کیو ایم ۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD:
ایم کیو ایم نے شہر میں پانی کے بحران پر 22 مئی سے احتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔


کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ایم کیو ایم 8 سالوں سے وفاقی اور صوبائی سطح پرکراچی کے پانی کے لئے جدوجہد کررہی ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگ رہی لہذا پانی کے مسئلے پر 22 مئی سے احتجاجی مہم شروع کی جارہی ہے جس کا آغاز پاورہاؤس چورنگی سے کیا جائے گا جب کہ 23 مئی کو پریس کلب پر احتجاج کیاجائے گا اور 24 مئی کو اورنگی ٹاؤن 5 نمبر چورنگی پراحتجاج کیاجائے گا،پانی کے مسئلے پر 25 مئی کو 3 نمبر مہاجر کیمپ ، 26 مئی کو کورنگی باغ اور 27 مئی کو لیاقت آباد 10 نمبر پر احتجاج کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاجی مظاہرے شام کو کئے جائیں گے جب کہ مرکزی مظاہرہ تبت سینٹر پر کیا جائے گا ۔

حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ کراچی کو ایک ہزار ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے لیکن شہر کو 450 ملین گیلن سے بھی کم فراہم کیا جارہا ہے اور 30 اپریل سے پانی کی سپلائی سے متعلق حالات مزید بدتر ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹینکر مافیا نے شہریوں کا جینا حرام کردیا ہے جب کہ ایک ٹینکر 4 ہزار سے 12 ہزار روپے میں مل رہا ہے۔
Load Next Story