پاک کوریا ہاکی سیریز متنازع فیصلوں سے بدمزگی کا شکار

دونوں کھلاڑیوں کی تیسرے میچ میں بھی شرکت مشکوک ہے، ذرائع


Sports Reporter May 21, 2015
دونوں کھلاڑیوں کی تیسرے میچ میں بھی شرکت مشکوک ہے، ذرائع وٹو: فائل

ISLAMABAD: پاک جنوبی کوریا ہاکی سیریز متنازع فیصلوں سے بدمزگی کا شکار ہوگئی، پہلے میچ میں مہمان کھلاڑی امپائرز کے سامنے سرپیٹتے رہے، بدھ کو دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نے احتجاجاً میدان ہی چھوڑ دیا، پیر کو ابتدائی میچ میں دونوں میزبان آفیشلز نے فرائض سر انجام دیے،60 منٹ کے کھیل میں2 مہمان کھلاڑی شدید زخمی ہوگئے تھے۔

گذشتہ روز ایک پاکستانی اورایک کورین امپائرنے میچ سپروائز کیا لیکن اس کے باوجود تنازع کھڑا ہوگیا، مقابلہ تو 3-3 سے برابر ہوگیا لیکن شائقین کو کھیل سے زیادہ بدمزگی کے واقعات کو دیکھنا پڑا، گرین شرٹس کی طرف سے کاشف علی، عمر بھٹہ اور وقاص شریف ایک، ایک بار گیند کو جال میں پھینکنے میں کامیاب رہے۔تفصیلات کے مطابق اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ کی تیاریوں میں مصروف پاکستان ہاکی ٹیم ان دنوں کوریا میں موجود ہے، وہ میزبان کیخلاف4 میچزکی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکطرفہ مقابلے میں 0-4 سے ہارنے کے بعد دوسرا مقابلہ برابر کرنے میں کامیاب رہی، دونوں ٹیموں نے3-3گول کیے۔

بدھ کو انچیون کوریا میں دوسرے میچ میں کوریا نے کھیل کے ابتدائی 25 منٹ میں انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2-0 کی برتری حاصل کر لی، اس نازک صورتحال میں پاکستانی ٹیم نے ہمت ہارنے کے بجائے میزبان سائیڈ کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا، دفاعی پالیسی ترک کرکے جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا خاصا فائدہ ہوا،اس صورتحال میںکورین کھلاڑی کسی حد تک دبائو کا شکار ہو گئے جس کا بھر پور فائدہ پاکستانی ٹیم نے اٹھایا۔ عمر بھٹہ کے گول نے اسکور2-1 کر دیا تاہم تیسرے ہاف کے آخری لمحات میں کوریا نے ایک بار پھر عمدہ کم بیک کیا اور ایک گول مزید کرکے اسکور 3-1 کر دیا۔ چوتھے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم انتہائی خطرناک موڈ میں نظر میں آئی اور اس نے 15 منٹ کے کھیل میں 2 گول کر کے مقابلہ برابر کیا۔

50ویں منٹ میں وقاص شریف نے حریف ٹیم کی دفاعی لائن کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے مقابلہ 3-2 کردیا، صرف ایک منٹ بعد پاکستانی ٹیم نے ایک اور عمدہ موو بنائی اور گیند کو حریف ٹیم کے ''ڈی'' میں لے جانے میں کامیاب ہو گئے، وہاں پر پہلے سے موجود کاشف علی نے ساتھ کھلاڑی کے پاس پر بڑی خوبصورتی سے گیند کو جال میں پھینک کر مقابلہ 3-3سے برابر کر دیا۔ ادھرپاک کوریا ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی2 میچزکے دوران جانبدارانہ امپائرنگ کا بھی انکشاف ہوا۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ روز مقابلے کے آخری کوارٹر میں کھیل بدنظمی کا شکار رہا، میچ ہاتھ سے نکل جانے کے ڈر سے میزبان نے پاکستانی امپائر کا فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا اور گرائونڈ کے باہر چلی گئی، اس وجہ سے کھیل کچھ دیر کے لئے رکا رہا، بعد ازاں کورین ٹیم خود ہی گرائونڈ میں واپس آ گئی اور پاکستانی امپائر کے فیصلے کو درست تسلیم کر کے دوبارہ کھیل شروع کر دیا۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں دونوں امپائرز کورین تھے جنھوں نے کئی جانبدارانہ فیصلے کیے ۔ میچ کے دوران امپائرز کی طرف سے کھلی چھٹی ملنے کی وجہ سے میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتہائی غلط انداز اپنائے رکھا، اس وجہ سے پاکستان ٹیم کے 2 کھلاڑی تصور عباس اور علی شان بری طرح زخمی بھی ہوئے، دونوں بدھ کو ہونے والے میچ میں شرکت بھی نہیں کرسکے، ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کی تیسرے میچ میں بھی شرکت مشکوک ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں