2022فٹبال ورلڈ کپ قطر میں شیڈول کے مطابق انعقاد کی امیدیں روشن

80 ہزار نشستوں والا اسٹیڈیم دوحا کے شمال میں 15 کلومیٹر دور لوسیل شہر میں تعمیر کیا جائیگا۔

80 ہزار نشستوں والا اسٹیڈیم دوحا کے شمال میں 15 کلومیٹر دور لوسیل شہر میں تعمیر کیا جائیگا۔فوٹو: فائل

تنازعات کے باوجود قطر میں2022فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد شیڈول کے مطابق ہونے کی امیدیں روشن ہوگئیں، میگا ایونٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے والے آفیشلز نے میزبان ملک کی تفصیلی منصوبہ بندی اور اسٹیڈیم پر جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق قطر کی2022 فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کا معاملہ جس قدر متنازع بنایا جارہا ہے اسی رفتار سے میزبان ملک کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں ٹورنامنٹ چیف حسن ال تھوادی نے بتایا تھا کہ ہم ہر بات سے قطع نظر اپنے کام میں لگے ہوئے ہیں، ہمیشہ سب پر واضح کیاکہ جو بڈ ہم نے دی اس پر مکمل طور پر عمل درآمد کرنے کیلیے سخت محنت کررہے ہیں۔

برازیل کی2014 ورلڈ کپ تیاریوں کی نگرانی کرنے والے ریکارڈو ٹریڈ نے قطر کا بھی دورہ کیا،انھوں نے ٹورنامنٹ کے آغاز سے7 برس قبل ہی قطر کی تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تفصیلی منصوبہ بندی اور اسٹیڈیمز میں جاری ترقیاتی کام کو سراہا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اسٹیڈیمز پر جاری تعمیراتی کاموں میں مزدوروں کو ناقص رہائش فراہم کرنے کے معاملے کو عالمی میڈیا پر کافی اچھالا گیا تھا ، مغربی میڈیا میں یہ باتیں بھی سامنے آئی تھیں کہ ایسی خبریں شائع کرنے والے 2صحافیوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔


اس پر کونسل آف یورپ نے ٹورنامنٹ کی میزبانی کیلیے دوبارہ ووٹنگ پر اصرار شروع کردیا تھا۔ دوسری طرف ٹریڈ یونینز بھی ورلڈ کپ اسپانسرز سے اصلاحات پر دباؤ ڈال رہی ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک اور رپورٹ میں قطر ورلڈ کپ کو مستقل محاصرے میں قرار دیا گیا ہے۔ دریں اثنا رواں ماہ کے آخر میں فیفا کے اجلاس میں مزدوروں کی اصلاحات کی سست روی پر قطر سے ورلڈ کپ واپس لینے کی قرارداد پر بحث ہوسکتی ہے۔ قطر کی تیاریوں کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے اسٹیڈیمز کا آدھے سے زیادہ کام مکمل ہوچکا، قطر نے میگا ایونٹ کیلیے استعمال ہونے والے ان پانچ گراؤنڈز کے ڈیزائنز کی رونمائی کردی جن پر کام شروع ہوچکا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں ہونے والے پہلے ورلڈ کپ کیلیے8سے12اسٹیڈیمز استعمال ہوسکتے ہیں جو نومبر یا دسمبر میں منفرد انداز میں سامنے آئیں گے۔ گذشتہ ماہ تھوادی نے دوحا کے 40 ہزار نشستوں والے ال رایان اسٹیڈیم کے تازہ ترین ڈیزائن کی رونمائی کی جہاں کوارٹر فائنل اسٹیج تک کے میچز منعقد کیے جائیں گے۔ خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی تزئین نو کا کام بھی جاری ہے جہاں2019 ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ بھی منعقد ہوگی۔ قطر کے شمال میں60 ہزار نشستوں کی گنجائش والے ال بیت اسٹیڈیم کی تعمیر کا کام جلد شروع ہوجائیگا، یہاں ورلڈ کپ کے سیمی فائنلزہونے ہیں۔

مزید براں قطر فاؤنڈیشن اسٹیڈیم اور ال واکراہ اسٹیڈیم پر ابتدائی تعمیراتی کام شروع ہوچکا ہے، ان میں 40,40 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہوگی۔ یہ اعلان بھی کیا گیاکہ برطانوی آرکیٹیکس فوسٹر اینڈ پارٹنرز 2022 ٹورنامنٹ فائنل کی میزبانی کرنے والے اسٹیڈیم کو ڈیزائن کریں گے۔ 80 ہزار نشستوں والا اسٹیڈیم دوحا کے شمال میں 15 کلومیٹر دور لوسیل شہر میں تعمیر کیا جائیگا۔
Load Next Story