پی پی 196 کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ نے میدان مارلیا

تحریک انصاف کے امیدوار رانا عبدالجبار 18 ہزار 920 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔


ویب ڈیسک May 21, 2015
پی پی 196 مسلم لیگ (ن) کے عبدالوحید آرائیں کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ فوٹو: فائل

پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 196 کے ضمنی انتخاب میں ریٹرننگ افسران کے مطابق (ن) لیگ کے امیدوار رانا محمود الحسن 29 ہزار 372 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار رانا عبدالجبار 18 ہزار 920 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ملتان میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 196 پر ضمنی انتخاب کے 133 پولنگ اسٹیشن کے نتائج سامنے آگئے ہیں، ریٹرننگ افسران کے مطابق (ن) لیگ کے امیدوار رانا محمودالحسن نے 29 ہزار 372 ووٹ لے کر پہلے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار رانا عبدالجبار 18 ہزار 920 ووٹ لے کر دوسرے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار 7 ہزار 177 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

اس سے قبل ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔ ضمنی انتخاب میں 11 امیدوار میدان میں تھے تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے رانا محمودالحسن اور تحریک انصاف کے رانا عبد الجبار کے درمیان رہا۔

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 76 ہزار 315 ہے جن کے لئے 133 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے جب کہ بیشتر پولنگ اسٹیشن پر تحریک انصاف اور ن لیگ کے حامیوں کے دوران کشیدگی بھی دیکھنے میں آئی جب کہ پولنگ کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بھی اڑائیں گئیں۔

واضح رہے کہ پی پی 196 کی نشست مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر عبدالوحید آرائیں کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں