شام 6 بجے کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کی ’’نوانٹری‘‘

موسیقی کا پروگرام ساڑھے5بجے شروع ہوگا،واک تھرو گیٹس فعال کردیے گئے


Sports Reporter May 22, 2015
نشتر پارک کے اطراف میں موجود گلی محلوں اور سڑکوں میں سے انتہائی ضروری راستے ہی کھلے رکھے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور زمبابوے کے مابین ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھنے کیلیے آنے والے شائقین کو شام6بجے کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، موسیقی کا پروگرام ساڑھے 5بجے شروع ہوجائے گا،واک تھرو گیٹس کو فعال کرنے کے ساتھ جنریٹرز کی سپلائی بھی دیدی گئی، میچ کا آغاز سات بجے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے پاکستان میں 6 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوجائے گی،شائقین کی دلچسپی بھی عروج پر پہنچ گئی ہے،ٹکٹ حاصل کرنے والوں کی تو گویا لاٹری نکل آئی، دیگر ابھی تک کسی نہ کسی طور خریدنے کی کوشش کررہے ہیں، دوسری جانب سیکیورٹی اداروں کی تیاریاں بھی حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، اہلکاروں کو ان کی ڈیوٹی اور پلان میں کردار کے حوالے ایک بار پھر ہدایات جاری کردی گئیں، نشتر پارک کے اطراف میں موجود گلی محلوں اور سڑکوں میں سے انتہائی ضروری راستے ہی کھلے رکھے گئے ہیں۔

باقی میں سخت چیکنگ کے بعد گزرنے کی اجازت دی جارہی ہے، ان علاقوں میں بھی بیشتر مقامات پر کڑی نگرانی کی جارہی ہے، اسٹیڈیم میں داخلے کے طرف آنے والے تمام راستوں پر واک تھرو گیٹس کو فعال کردیا گیا،انھیں جنریٹرز سے سپلائی دینے کا انتظام بھی کرلیا گیا ہے،2 بار ان دروازوں پر چیک کیے جانے کے بعد اگلے مرحلے میں میٹل سے چیکنگ کی جائے گی۔

میچ کے وینیو اور پارکنگ میں فاصلہ ہونے کی وجہ سے پیدل چلنے میں بھی وقت صرف ہوگا، موسیقی کا پروگرام ساڑھے 5بجے ہی شروع ہوجائے گا،میڈیا اور شائقین سب کے لیے گیٹ6بجے بند کردیے جائیں گے اور کسی کو آنے جانے کی اجازت نہیں ہوگی،فیصلہ ٹیموں کی آمدرفت میں کسی رکاوٹ کے امکانات ختم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، میچ شروع ہونے سے کافی پہلے آنے والے سیکیورٹی چیک کے بعد بغیر کسی افراتفری کے آسانی سے اسٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں