سنچری ٹیسٹ میں سنچری انگلش بیٹسمینوں سے روٹھ گئی

ڈگمگا کر سنبھلنے والی ٹیم کے جوئے روٹ اور بین اسٹوکس نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے

ڈگمگا کر سنبھلنے والی ٹیم کے جوئے روٹ اور بین اسٹوکس نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے ۔ فوٹو : اے ایف پی

سنچری ٹیسٹ میں سنچری انگلش بیٹسمینوں سے روٹھ گئی، نیوزی لینڈ سے لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن2 پلیئرز جوئے روٹ اور بین اسٹوکس 90کے پھیرے میں جکڑے گئے،ٹیم بھی ڈگمگا کر سنبھل گئی، صرف 30 رنز پر 4 وکٹیں گنوانے کے بعد پہلے دن کھیل کا اختتام 6 وکٹ پر 354 رنز بناکرکیا، ففٹی بنانے والے جوز بٹلر دن کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔


تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کیخلاف اپنے سنچری ٹیسٹ میں ٹاس ہارنے والی انگلش ٹیم کا آغاز اچھا نہیں ہوا، 30 رنز تک پہنچتے پہنچتے 4 کھلاڑی پویلین واپس پہنچ چکے تھے، ریٹائرڈ ٹروٹ کی جگہ ڈیبیو کرنے والے ایڈم لیتھ صرف 7 رنز بناکر ٹم ساؤتھی کی گیند پر وکٹ کیپر بی جے واٹلنگ کا کیچ بن گئے، ٹرینٹ بولٹ نے گیری بیلنس (1) کو تھرڈ سلپ میں ساؤتھی کا کیچ بنوایا،کپتان کک 16 رنز بناکر ہینری کی پہلی ٹیسٹ وکٹ بنے، وہ بھی کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، بیل نے ہینری کی دوسری وکٹ بننے سے پہلے ایک رن بنایا۔

اس موقع پر روٹ اور اسٹوکس کیوی یلغار کے آگے بند باندھتے ہوئے اسکور کو 191 تک لے گئے، دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 161 کی شراکت ہوئی، اسٹوکس 92 رنز پر کریگ کی گیند پر بولڈ ہوگئے، سنچری سے صرف2 رنز کی دوری پر روٹ کی ہمت بھی جواب دے گئی، انھیں ہینری نے لیھتم کی مدد سے قابو کیا۔ دن کی آخری گیند پر بٹلر 67 رنز پر بولٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ یوں کھیل کا اختتام انگلینڈ نے 7 وکٹ 354 رنز پر کیا، معین 49 پر ناٹ آؤٹ رہے۔
Load Next Story